شجر کاری فضائی آلودگی کے خاتمے، زمین کی خوبصورتی اور اقتصادی فوائد کے علاوہ باعث اجر و ثواب بھی ہے۔ ڈاکٹر اجمل خان

جمعرات 18 اکتوبر 2018 23:06

کراچی۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 اکتوبر2018ء) جامعہ کراچی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد اجمل خان نے کہا ہے کہ شجر کاری مہم بہت اچھا اقدام ہے اور ہر سال شجرکاری مہم میں لاکھوں پودے لگائے جاتے ہیں لیکن افسوسناک امر یہ ہے کہ نگہداشت اور دیکھ بھال نہ ہونے کی وجہ سے ہزاروں پودے جل جاتے ہیں، معاشرے کے ہر فرد پر یہ ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ ان پودوں کی نگہداشت کے لئے اپنا اپنا کردار ادا کریں تاکہ یہ مستقبل میں ایک تناور درخت کی شکل اختیار کرے، شجرکاری فضائی آلودگی کے خاتمے، زمین کی خوبصورتی اور اقتصادی فوائد کے علاوہ باعث اجر وثواب ہے۔

جمعرات کو جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے جامعہ کراچی کے شعبہ علوم اسلامی کے زیر اہتمام شجرکاری مہم کا افتتاح کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر رئیس کلیہ معارف اسلامیہ پروفیسر ڈاکٹر محمد احمد قادری،چیئرمین شعبہ علوم اسلامیہ ڈاکٹرمحمد عارف خان ساقی اور کلیہ معارف اسلامیہ کے اساتذہ اور طلبہ وطالبات کی کثیر تعداد موجود تھی۔

ڈاکٹر اجمل خان نے مزید کہا کہ ایک صحت مند اور ماحول دوست معاشرے کے قیام کے لئے ہم سب پر یہ ذمہ داری عائدہوتی ہے کہ زیادہ سے زیادہ درخت لگائیں اور شجرکاری مہم کی سرگرمیوں میں حصہ لیں، اس کا فائدہ نہ صرف ہمیں بلکہ ہمارے آنے والی نسلوں کوہوگا، صاف ستھرا اورآلودگی سے پاک ماحول صحت انسانی کے لئے وقت کی ضرورت بن گیا ہے۔ رئیس کلیہ معارف اسلامیہ پروفیسر ڈاکٹر محمد احمدقادری نے کہا کہ شجرکاری نہ صرف ملکی ماحولیاتی نظام کے لئے ضروری ہے بلکہ گلوبل وارمنگ کے اثرات زائل کرنے کے لئے بھی ناگزیر ہے۔

ملک بھر میں بغیر کسی منصوبہ بندی کے درختوں کے بے دریغ کٹاو سے موسمیاتی و جغرافیائی تبدیلیاں نمو دار ہورہی ہیں، ضرورت اس امر کی ہے کہ حکومت درختوں کے کٹاو پر سخت پابندیاں عائد کریں تاکہ ماحولیاتی آلودگی کا خاتمہ ممکن ہو سکے۔ تقریب کے اختتام پر چیئرمین شعبہ علوم اسلامی ڈاکٹرمحمد عارف خان ساقی نے تمام مہمانوں کی آمد پر ان کا شکریہ ادا کیا اور شجری کاری کو وقت کی اہم ضرورت قراردیا۔ انہوں نے کہا کہ مذکورہ مہم شعبہ ہذا کے طلبہ نے اپنے شعبہ اور جامعہ کی خوبصورتی کے لئے اپنی مدد آپ کے تحت شروع کی ہے۔

متعلقہ عنوان :

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں