مصر کے محمد زکریا نے سولہویں چیف آف دی نیول اسٹاف انٹرنیشنل اسکواش چیمپئن شپ کا ٹائٹل جیت لیا

اتوار 12 مئی 2024 19:40

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 مئی2024ء) مصر کے محمد زکریا نے سولہویں چیف آف دی نیول اسٹاف انٹرنیشنل اسکواش چیمپئن شپ 2024کا ٹائٹل اپنے نام کرلیا۔ پاکستان نیوی سے اتوار کو یہاں جاری اعلامیہ کے مطابق چیمپئن شپ کی اختتامی تقریب پاکستان نیوی روشن خان جہانگیر خان اسکواش کمپلیکس کراچی میں منعقد ہوئی۔ چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل نوید اشرف اس موقع پر مہمان خصوصی تھے۔

ٹورنامنٹ کا فائنل میچ مصر کے محمد زکریا اور پاکستان کے ناصر اقبال کے درمیان کھیلا گیا۔ ایک سنسنی خیز مقابلے کے بعد محمد زکریا نے میچ جیت لیا اور انہیں سولہویں چیف آف دی نیول اسٹاف انٹرنیشنل اسکواش چیمپئن شپ 2024کا چیمپئن قرار دیا گیا۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے امیر البحر نے اسکواش کے کھیل سے پاک بحریہ کی طویل وابستگی پر روشنی ڈالی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ چیف آف دی نیول اسٹاف اوپن اسکواش کا سال 2000 سے باقاعدہ انعقاد پاک بحریہ کے ملک بھر میں اسکواش کے فروغ کے عزم کا مظہر ہے۔ مہمان خصوصی نے ایونٹ کے کامیاب انعقاد پر پروفیشنل اسکواش ایسوسی ایشن (پی ایس اے)، پاکستان اسکواش فیڈریشن، کھلاڑیوں، اسپانسرز اور ٹورنامنٹ کے منتظمین کا شکریہ ادا کیا۔چیف آف دی نیول اسٹاف نے اس بات پر بھی روشنی ڈالی کہ پاک بحریہ ہمارے باصلاحیت نوجوانوں کو آگے لانے اور ان میں اسپورٹس مین شپ کا جذبہ پیدا کرنے کے لیے ضروری سہولیات فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ قومی اور بین الاقوامی سطح پر کھیلوں کے ایونٹس کا انعقاد کر رہی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ جولائی 2023سے آر کے جے کے میں چار رخی گلاس کورٹ کی فراہمی بھی ملک میں اسکواش کے فروغ میں پاک بحریہ کی کوششوں کا منہ بولتا ثبوت ہے۔بعد ازاں چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل نوید اشرف نے چیمپئن شپ کے فاتح اور رنر اپ میں انعامات تقسیم کیے اور ان کی بہترین کارکردگی پر انہیں مبارک باد دی۔اختتامی تقریب میں سول و عسکری معززین، اسپانسرز اور قومی کھیلوں کے کھلاڑیوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں