چینی سرمایہ کاروں کی حوصلہ افزائی کی جائے گی، کمشنر کراچی

بدھ 14 نومبر 2018 20:22

کراچی۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 نومبر2018ء) کمشنر کراچی افتخار علی شالوانی نے کہا ہے کہ کراچی میں سرمایہ کاری کے مواقع تلاش کر نے کیلئے چین کے تاجروں اور صنعتکاروں کی ہر ممکنہ حوصلہ افزائی کی جائے گی، چینی کمپنیوں اور سرمایہ کاروں کو چاہیے کو وہ ترجیحاً کراچی میں شہری سہولتوں کو بہتر بنانے کے منصوبوں میں سرمایہ کاری کریں، کراچی میں سمندر کے پانی کو پینے کے لئے قابل استعمال بنانے،کچرے سے بجلی پیدا کرنے اور ٹرانسپوٹ کے منصوبے بنانے کی ضرورت ہے۔

غیر ملکی سرمایہ کاروں کے لئے تینوں شعبوں میں بی او ٹی کی بنیاد پر سرمایہ کاری کے بھرپور مواقع موجود ہیں۔ وہ اپنے دفتر میں چین کے ضلع نان چاوئن Nanchuan کے بیس رکنی سے ملاقات کر رہے تھے۔ اس موقع پر ایوان صنعت و تجارت حیدرآباد کے سابق صدر محمد شاہد اور دیگر عہدیداران اور ارکان بھی مو جود تھے۔

(جاری ہے)

کمشنر نے کہا کہ چینی سرمایہ کاروں کے لئے کراچی میں بھرپور سرمایہ کاری کے مواقع ہیں۔

انہوں نے وفد کو پیشکش کی کہ وہ کراچی میں ان شعبوں میں سرمایہ کاری کے مواقع تلا ش کریں جو نہ صرف ان کے لئے منافع بخش ثابت ہوں بلکہ وہ کراچی کی ترقی اور شہری سہولتوں سے متعلق مسائل کے حل میں بھی مددگار ثابت ہوں۔ وفد نے کمشنر کو کہا کہ ان کے دورہ کا مقصد کراچی اور حیدرآباد میں تجارتی اور اقتصادی تعلقات کو مستحکم کرنے کے مواقع تلاش کرنا اورکراچی و حیدرآباد میں کچرا ٹھکانے لگانے، اربن مینجمنٹ، پینے کے پانی کی فراہمی سمیت دیگر دیرپا بلدیاتی منصوبوں میں تعاون کے مواقع پر مشاورت کرنی ہے۔

کمشنر نے کہا کہ پاکستان اور چین لازوال دوستی کے رشتہ میں منسلک ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سی پیک منصوبہ اور پاکستان میں چینی سرمایہ کاروں کی سرمایہ کاری میں دلسچسپی خوش آئند ہے اس سے ملک کو اقتصادی طور پر مستحکم کرنے کی کوششوں میں مدد ملے گی۔ انہوں نے چینی سرمایہ کاروں کی توجہ دلائی اور کہا کہ کراچی میں پانی اور بجلی کی کمی کے مسائل ہیں اورماس ٹرانسپورٹ کو فروغ دینے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ چینی سرمایہ کاروں کو چاہئے کہ وہ کراچی میں پانی کو صاف کرنے اور اور سالڈ ویسٹ مینجمنٹ اور ماس ٹرانسپوٹ میں سرمایہ کاری بی او ٹی کی بنیاد پر کریں، اس سلسلے میں چینی کمپنیوں کو تمام مطلوبہ سہولتیں فراہم کی جائیں گی۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں