کراچی ،کسی کو سہارا دے کر آباد کرنا بڑا کام ہے، ڈاکٹر سید سیف الرحمن

ہم اپنے رویو ںسے بھی لوگوں میں خوشیاں بانٹ سکتے ہیں، بلدیہ عظمیٰ کراچی بینائی سے محروم افراد کو خصوصی کوٹے پر پہلے بھی ملازمتیں فراہم کرچکی ہے،میٹروپولیٹن کمشنر

ہفتہ 19 جنوری 2019 23:19

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 19 جنوری2019ء) میٹروپولیٹن کمشنر ڈاکٹر سید سیف الرحمن نے کہا ہے کہ کسی کو سہارا دے کر آباد کرنا بڑا کام ہے، ان لوگوں کا ہاتھ تھامنا اور ان کے ساتھ تعاون کرنا ہمارا فرض ہے کہ جن میں قدرت کی جانب سے کسی بھی نعمت کی کمی ہو، پیسا ہی ہر چیز کا حل نہیں ہوتا، ہم اپنے رویو ںسے بھی لوگوں میں خوشیاں بانٹ سکتے ہیں، خصوصی افراد بہت صلاحیتوں کے مالک ہوتے ہیں یہی وجہ ہے کہ نابینا شخص بعض مواقع پر ایسے کام سرانجام دے جاتا ہے کہ جو عام حالات میں تمام تر نعمتوں کے میسر ہونے کے باوجود لوگ نہیں کرپاتے، ضرورت صرف اس امر کی ہے کہ ہرشخص اپنی جگہ رہتے ہوئے دستیاب وسائل میں جتنا زیادہ ممکن ہوسکے دوسروں کے ساتھ تعاون کرے، بلدیہ عظمیٰ کراچی بینائی سے محروم افراد کو خصوصی کوٹے پر پہلے بھی ملازمتیں فراہم کرچکی ہے اور اب بھی کرے گی، خصوصی افراد کی درخواست پر ان کے لئے کے ایم سی کا ہٹ بھی پکنک کے لئے فراہم کیا جائے گا، وہ ہفتہ کی دوپہر مقامی ہال میں ایمی گوس (AMIGOS) ویلفیئر ٹرسٹ فار دی بلائنڈ پرسنز کی جانب سے منعقدہ تقریب سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کررہے تھے تقریب میں ٹرسٹ کی جانب سے ضرورت مند افراد میں گرم کپڑے اور عام استعمال میں آنے والی اشیاء بطور تحفہ پیش کی گئیں، اس موقع پر کراچی ایئر پورٹ لائنز آئی بینک ویلفیئر سوسائٹی کے صدر ناظم راجانی، ایئر پورٹ لائنز کی صدر فرزانہ زیدی، محمد شاہد، ٹرسٹ کے صدر انور مسیح، نائب صدر بلال شفیع پٹیل، سر انعام اور دیگر بھی موجود تھے، تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مہمان خصوصی میٹروپولیٹن کمشنر ڈاکٹر سید سیف الرحمن نے کہا کہ ایسے لوگوں کی تقریب میں آکر اور ان کے ساتھ بیٹھ کر فخر محسوس ہوتا ہے کہ ان لوگوں میں آگے بڑھنے کا جذبہ اور حوصلہ موجود ہے، انسان کو پیدا ہی ایک دوسرے کے ساتھ بھلائی کرنے کے لئے کیا گیا ہے، انہوں نے کہا کہ دردِ دل اور احساس نجات کا ذریعہ بھی ہیں، لوگو ںکے لئے ہمیں راستہ بنانا چاہئے، مجھے بھی دوسروں نے راستہ دکھایا ہے تو میں آج اس مقام تک پہنچا ہوں اس لئے اپنے مقام اور اپنی حدود میں رہتے ہوئے ہم سے جو کچھ بھی دوسروں کے لئے ہوسکے کرنا چاہئے چاہے وہ کسی کو درست مشورہ دینا ہی کیوں نہ ہو ، انہوں نے کہا کہ ہمیں خصوصی افراد پر نہیں خود پر رحم کھانے کی ضرورت ہے اور جس کا جو جائز حق ہے اسے وہ دینا چاہئے۔

#

متعلقہ عنوان :

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں