کراچی میں ماحولیاتی آلودگی پر کنٹرول پانے کیلئے 2 کروڑ سے زیادہ قدیم نسل اور روایتی درختوں کی ضرورت ہے، میئر کراچی

بلدیہ عظمیٰ کراچی ایک لاکھ پودے لگانے کے ہدف کو چند ماہ میں پورا کرے گی تاہم عوام کی شمولیت کے بغیر 2 کروڑ کا ہدف پورا کرنے میں وقت لگے گا

اتوار 17 فروری 2019 21:00

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 فروری2019ء) میئر کراچی وسیم اختر نے کہا ہے کہ کراچی میں ماحولیاتی آلودگی پر کنٹرول پانے کے لئے 2 کروڑ سے زیادہ قدیم نسل اور روایتی درختوں کی ضرورت ہے، بلدیہ عظمیٰ کراچی ایک لاکھ پودے لگانے کے ہدف کو چند ماہ میں پورا کرے گی تاہم عوام کی شمولیت کے بغیر 2 کروڑ کا ہدف پورا کرنے میں وقت لگے گا، کراچی کے پارکوں میں 12 تا 15 فٹ بڑے درخت لگائے جارہے ہیں تاکہ شہریوں کو جلد فوائد حاصل ہوں، ان خیالات کا اظہار انہوں نے باغ ابن قاسم میں گل مہر کا 15 فٹ اونچا درخت لگا کر شجرکاری مہم کے آغاز کے موقع پر کیا، باغ ابن قاسم میں گل مور، کنجار ، تبوبیا، کیشا فیٹلو اور دیگر پھولدار درخت لگائے جا رہے ہیں، 12 تا 15 فٹ طویل لگائے جانے والے ان 300 درختوں پر رواں سال ہی پھول کھلیں گے جس سے باغ ابن قاسم کا ماحول بہت خوبصورت ہوگا، باغ رنگ برنگے پھولوں سے مزئین ہوگا، میئر کراچی وسیم اختر نے کہا کہ ہم نے پودوں کے بجائے درخت لگانا شروع کئے ہیں تاکہ جلد از جلد اس کے فوائد حاصل ہوں، پودے کو درخت بننے میں کئی سال درکار ہوں گے جبکہ لگائے جانے والے آج ہی درخت ہیں، انہوں نے کہا کہ باغ ابن قاسم کے بعد جھیل پارک ، ہل پارک سمیت دیگر پارکوں اور بڑی سڑکوں کے کناروں اور گرین بیلٹ میں بھی بڑے درخت لگائے جا رہے ہیں،انہوں نے اس موقع پر شہریوں سے اپیل کی کہ ہر شہری ایک درخت لگائے تو ہم شہر میں درختوں کی ضرورت کا ہدف بہت جلد پورا کرلیں گے، بلدیہ عظمیٰ کراچی 2 کروڑ درختوں کا ہدف تنہا پورا نہیں کرسکتی جس کی آج ضرورت ہے، میئر کراچی نے کہا کہ بلدیہ عظمیٰ کراچی کی جانب سے جاری گرین کراچی مہم میں ڈسٹرکٹ میونسپل کارپوریشنز ، کے ڈی اے سمیت دیگر شہری اداروں کو بھی شامل ہونا چاہئے جبکہ ہر شہری اپنے گھر کے سامنے صرف ایک درخت لگا کر اس کی حفاظت کرے اور اس کی نگہداشت کرے تو ہم بہت جلد کراچی کو سرسبز و شاداب شہر بنا سکیں گے، عوامی شرکت کے بغیر کوئی بھی مہم کامیاب نہیں ہوسکتی، ہم کراچی کے پارکوں اور بڑے کوریڈورز کو تو درخت سے بھر دیں گے مگر گلی، محلے کی سطح پر عوامی شرکت کے بغیر کامیابی ممکن نہیں اس لئے شہری اپنی گلی اور محلے میں درخت لگائیں۔

متعلقہ عنوان :

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں