امریکی سفیر پال جونز کا آئی جی سندھ پولیس کے ہمراہ پولیس ٹریننگ کالج کا دورہ

بدھ 18 ستمبر 2019 23:09

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 18 ستمبر2019ء) پاکستان میں مقرر امریکی سفیر پال جونز نے آئی جی سندھ پولیس ڈاکٹر سید کلیم امام کے ہمراہ سعیدآباد پولیس ٹریننگ کالج کا دورہ کیا۔ یہ دورہ امریکی حکومت کی جانب سے کی جانے والی ان کاوشوں کے سلسلے کی ایک کڑی ہے جس کے تحت پاکستان کے قانون نافذ کرنے والے اداروں کی صلاحیتوں کو بہتر بنانے کیلئے مختلف پروگرام ترتیب دیے جاچکے ہیں۔

اسی سلسلے میں امریکی سفیر نے نئے مرتب شدہ نصاب کے تحت ہونے والی تربیت کا مشاہدہ کیا، ہتھیاروں کے سمیولیٹرز کی مشق دیکھی اور خواتین پولیس افسران کیلئے ب?ریک بنانے کیلئے منتخب جگہ کا دورہ کیا۔ مجموعاً یہ پروگرام امریکی حکومت کی 856 ملین روپے (5.35 ملین امریکی ڈالر) کی فنڈنگ سے ممکن ہوسکے ہیں۔

(جاری ہے)

اس موقعے پر پال جونز نے کہا، "سندھ پولیس اس بات سے بخوبی واقف ہے کہ اس کا کام صرف جرائم اور دہشتگردی سے نمٹنا نہیں بلکہ شہریوں کی مدد کرنا اور شہریوں کیلئے سازگار ماحول مہیا کرنا بھی ہے۔

امریکی حکومت کو فخر ہے کہ وہ سندھ پولیس کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو بہتر کرنے میں معاونت کررہی ہے۔"سندھ پولیس اور امریکی اسٹیٹ ڈپارٹمنٹ کے انٹرنیشنل نارکوٹکس اینڈ لا انفورسمنٹ بیورو (INL) کی شراکتداری سے 2011 میں نصاب تیار کرنے کا پروگرام شروع کیا گیا۔اس پروگرام کا مقصد سندھ کے 25 سالہ پرانے تربیتی نصاب میں جدت لانا ہے جس میں تربیتی نصاب ترتیب دینے کے ساتھ ساتھ ماسٹر ٹرینر تیار کرنا اور سندھ پولیس کے سارے تربیتی اداروں میں نئے ماڈیول متعارف کرنا شامل ہے۔

اس پروگرام کے تحت اب تک 85 ہزار سے زائد پولیس افسران کو تیارشدہ پانچ ماڈیولز کے مطابق تربیت دی جا چکی ہے۔سال 2018 میں INL نے سندھ پولیس کے تربیتی مراکز کو بہتر بنانے کیلئے ہتھیاروں کے 30 سمیولیٹرز کاعطیہ دیا تھا تاکہ محفوظ طریقے سے تربیت دی جاسکے۔ سندھ پولیس کی جانب سے خواتین کو بھرتی کرنے کی کاوشوں کی مد میں INL سعیدآباد اور شہدادپور پولیس ٹریننگ کالیجوں میں خواتین کیلئے بیرک بنانے کیلئے مد د فراہم کر رہا ہے۔

امریکی اسٹیٹ ڈپارٹمنٹ کا بین الاقوامی بیورو برائے منشیات و نفاذ قانون (INL) 90 سے زائد ممالک میں کام کررہا ہے اور بدعنوانی اور دیگر جرائم پر ضابطہ لانے، منشیات سے جڑے جرائم کو روکنے، پولیس کے اداروں کو بہتر بنانے، قانون اور انصاف کے ایسے نظام کو وضع کرنے میں مدد کررہا ہے جو کہ انصاف اور جوابدہی پر مبنی ہو۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں