برانڈڈ مصنوعات صارفین کے دل و دماغ میں اپنی جگہ بناتی ہے، ڈاکٹر عدنان یوسف

جمعہ 15 نومبر 2019 23:38

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 15 نومبر2019ء) ڈائیکن یونیورسٹی‘آسٹریلیا کی بزنس اینڈ لاء فیکلٹی میں مارکیٹنگ کے شعبہ کے لیکچرار ڈاکٹر عدنان یوسف نے کہا ہے کہ ایک برانڈڈ مصنوعات صارفین کے دل و دماغ میں اپنی جگہ بناتی ہے اور صارفین ذہنی طور پر مصنوعات اور خدمات کے بارے میں درست معلومات حاصل کرنے کے بعد صحیح فیصلہ کرپاتے ہیں جس سے کمپنی کی بھی اہمیت میں اضافہ ہوتا ہے۔

یہ بات انہوں نے گزشتہ روز محمد علی جناح یونیورسٹی ، کراچی (ماجو) کی بزنس ایڈمنسٹریشن اینڈ سوشل سائینسز فیکلٹی کے زیر اہتمام برانڈ مینجمنٹ کے موضوع پر ایک لیکچر دیتے ہوئے بتائی۔ایسوسی ایٹ ڈین ڈاکٹر شجاعت مبارک، مارکیٹنگ اور مینجمنٹ سائینسز کے شعبوں کے سربراہان ڈاکٹر قمر عباس اور حسن جاوید بھی اس موقع پر موجود تھے۔

(جاری ہے)

ڈاکٹر عدنان یوسف نے اپنے لیکچر میں مارکیٹنگ کے شعبہ کے طلبہ کو بتایا کہ برانڈنگ کی تعریف اس طرح کی جاتی ہے کہ یہ مارکیٹنگ کا ایک عمل ہے جس میں کسی کمپنی کا نام ،نشان یا ڈیزائین تخلیق کیا جاتا ہے جو اس کمپنی تعلق رکھنے کی بنا پر بہ آسانی قابل شناخت ہوتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ برانڈنگ کی بنا پر کسی مصنوعات کو اپنی شناخت ملتی ہے جو اسے کسی دوسری کمپنی کی مصنوعات اور خدمات سے ممتاز کرتی ہے۔انہوں نے کہا کہ برانڈنگ کی اہمیت یہ بھی ہے کہ وہ نہ صرف صارفین کے ذہن پر ایک اچھا تاثر چھوڑتی ہے بلکہ وہ صارفین یا گاہکوں کوکسی بھی کمپنی سے وہ کیا توقع رکھتے ہیں کی سوچ پیدا کرتی ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ مقابلہ کرنے والوں سے ممتاز اور واضح کرنے کا ایک طریقہ ہے کہ آپ کا کیا ہے جو ایک بہتر انتخاب کرنے میں مدد فراہم کرتا ہے۔

انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ایک برانڈڈ مصنوعات آپ کی حقیقی نمائندگی کے لئے بنائی جاتی ہے اور جو یہ بتاتی ہے کہ بطور بزنس مین آپ کیا ہیں اور کس طرح خود کو تسلیم کراناچاہتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ جب آپ مستقبل میں اپنے بزنس میں اضافہ کرنا چاہتے ہیں تو برانڈنگ کی بہت زیادہ اہمیت ہوتی ہے اور پہلے ہی سے بہت مقبول برانڈ سے بڑی مدد ملتی ہے اور انڈسٹری میں آپ کی کمپنی کو بھی ایک نمایاں مقام حاصل ہوجاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس سے آپ کو ایک بہت اچھی سرمایہ کاری کا موقع ملتا ہے کیونکہ مارکیٹ میں پہلے ہی ایک اچھی پوزیشن حاصل ہوتی ہے۔#

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں