عمران خان کی جانب سے کورونا وائرس ریلیف فنڈ کا قیام خوش آئند ہے،خرم شیرزمان

ہمارے نمائندے اپنی مدد آپ کے تحت شہر کے غریب طبقے میں راشن اور کھانا مہیا کر رہے ہیں،صدر پی ٹی آئی کراچی

بدھ 1 اپریل 2020 00:12

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 31 مارچ2020ء) پاکستان تحریک انصاف کراچی کے صدر خرم شیر زمان نے کہا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان کی جانب سے کورونا وائرس ریلیف فنڈ کا قیام خوش آئیند ہے۔ ہماری پوری قوم سے اپیل ہے کہ وزیراعظم کورونا ریلیف فنڈ میں کھل کر عطیات دیں تاکہ ہم ایک قوم بن کر کورونا وائرس کی وباء کا مقابلہ کر سکیں۔ پارٹی سیکریٹریٹ انصاف ہاوس سے جاری اپنے بیان میں ان کا مزید کہنا تھا کہ کوئی بھی حکومت اس وائرس کا اکیلے مقابلہ نہیں کر سکتی، عوام کو حکومت کا ساتھ دینا ہوگا۔

پاکستان تحریک انصاف کے نمائندے اپنی مدد آپ کے تحت شہر کے غریب طبقے میں راشن اور کھانا مہیا کر رہے ہیں۔کراچی کے مخیر حضرات پی ٹی آئی پر اعتماد کرتے ہوئے ہمیں راشن بھیج رہے ہیں تاکہ اسے ضرورت مند طبقے تک پہنچایا جا سکے۔

(جاری ہے)

پاکستان تحریک انصاف کا حدف 70ہزار راشن بیگز ماہانہ تقسیم کرنا ہے۔ ہم کراچی کے ہر ضلعے میں 10,10ہزار راشن بیگز تقسیم کریں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان تحریک انصاف اپنی ذمہ داری پوری کررہی ہے ، لیکن صوبائی حکومت اس معاملے میں کہیں دکھائی نہیں دے رہی۔ خرم شیر زمان کا مزید کہنا تھا کہ حکومت پاکستان کورونا سے بچاو کے لئے بہترین اقدامات کر رہی ہے ، عوام پر بھی ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ اپنی حفاظت کے لئے حکومت کا ساتھ دیں اور احتیاطی تدابیر پر عمل کریں۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں