ح*گورنرسندھ عمران اسماعیل نے صوبہ سندھ میں شجر کاری مہم کا آغاز کردیا

پیر 10 اگست 2020 10:03

؁کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 10 اگست2020ء) وزیراعظم پاکستان عمران خان کی ہدایت پر گورنرسندھ عمران اسماعیل نے صوبہ میں شجر کاری مہم کا آغاز کردیا ، اراکین اسمبلی اور ٹائیگر فورس کے ہمراہ گورنرسندھ نے کڈنی ہل میں شجر کاری مہم کے تحت پودا لگایا۔اس موقع پرمیئر کراچی وسیم اختر بھی موجود تھے۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے گورنرسندھ نے کہا کہ وزیراعظم پاکستان کی ہدایت پر صوبہ میں شجر کاری مہم کا آغاز کردیا ہے آج ٹائیگر ز فورس ڈے منایا گیا جس میں شجر کاری مہم شروع کی گئی ہے اس پارک میں 13ہزار پودے لگائے جائیں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ماضی میں پارکوں کو کاٹ کر پلازے بنائے گئے مزید اس طرح کی کٹنگ کرنے نہیں دیں گے پارکس کے لئے مختص جگہوں پر صرف پارکس ہی بنیں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ایک پودا ایک زندگی کے برابر ہوتا ہے پودے لگانے سے آکسیجن اور تفریح کے مواقع میسر آئیں گے۔گورنرسندھ نے کہا کہ موسمی تغیر اور اس کے اثرات سے محفوظ رہنے کے لئے شجر کاری انتہائی ضروری ہے کراچی کے مختلف علاقوں میںاراکین اسمبلی اور ٹائیگر فورس کے ہمرا پودے لگائے جارہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کو موسمی تغیر سے پاکستان کے متاثر ہونے کا بھرپور ادراک ہے وزیراعظم پانچ سال کے دوران 10 ارب درخت لگانے کے لئے پر عزم ہیں شجر کاری مہم میں لوگوں کو اس ضمن میں آگاہی کی فراہمی انتہائی نا گزیر ہے کیونکہ جب تک عام آدمی اس مہم میں شامل نہیں ہوگا شجر کاری مہم کی افادیت اجا گر نہیں ہو سکتی ہے شہروں میں بھی ایسی کوئی جگہ نہیں چھوڑنی جہاں درخت نہ لگے ہوں۔

انہوں نے کہا کہ کورونا کے خلاف ٹائیگر فورس نے جس جذبہ کا مظاہرہ کیا اس مہم میں بھی ان سے یہی امید ہے شجر کاری مہم میں حصہ لینے والے لوگوں کا جذبہ قابل فخر ہے ہم سب کی ذمہ داری ہے کہ پاکستان کو ہرا بھر کریںاسی جذبہ کے تحت ہم نے اپنے ملک سرسبز و شاداب بنانا ہے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ وزیراعظم پاکستان کا 12 اگست کو کراچی آنے کا پروگرام ہے ، اس موقع پر ان سے اس پارک کا دورہ کرنے کی درخواست کروں گا۔

انہوں نے کہا کہ اس پارک کو بحال کرنے میں میونسپل کمشنر ڈاکٹر سیف الرحمان کی کاوشیں لائق تحسین ہیں جبکہ میئر کراچی وسیم اختر بھی اس کے لئے مبارک باد کے مستحق ہیں۔ انہوں نے کراچی میں صفائی ستھرائی کی صورتحال کے حوالہ سے ایک سوال پر کہا کہ کراچی کی حالت دیکھ کر دل روتا ہے لیکن وزیراعظم پاکستان اس صورتحال کو بدلنے کے لئے پرعزم ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اگر این ڈی ایم اے اور ایف ڈبلیواو کے تحت شہر کے تین بڑے نالے صاف نہ ہوتے تو شہر کی صورتحال دو روز کی بارش میں بہت خراب ہوجاتی۔ انہوں نے بلدیاتی نمائندوں کی مدت ختم ہونے اور ایڈ منسٹریٹر ز کی تعیناتی کے حوالہ سے پوچھے گئے سوال کے جواب میں کہا کہ صوبہ بھر میں ایسے ایڈ منسٹریٹر تعینات ہونے چاہئیں جن کی سیاسی وابستگی نہ ہو اور وہ غیر جانبدار رہ کر عوام کی خدمت کریں۔ بعد ازاں گورنرسندھ نے جھیل پارک کا دورہ کیا اور وہاں ٹائیگر فورس کے اراکین اور اراکین صوبائی اسمبلی کے ہمراہ شجر کاری مہم کے تحت پودا لگایا

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں