ایم کیو ایم وفد کی عامر خان کی قیادت میں ایم ڈبلیو ایم رہنما علامہ باقر زیدی سے ملاقات

اسرائیل اور بھارت وطن عزیز میں مذہبی خلفشار پیدا کرنے کوششوں میں ہیں، عامر خان ڈپٹی کنوینر ایم کیو ایم کالعدم جماعتوں کے جلسوں میں شیعہ کافر کے نعرے نیشنل ایکشن پلان کی کھلی خلاف ورزی ہے، علامہ باقرعباس زیدی رہنما ایم ڈبلیو ایم

پیر 21 ستمبر 2020 22:20

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 ستمبر2020ء) متحدہ قومی موومنٹ کے وفد کی ڈپٹی کنوینر عامر خان کی قیادت میں مجلس وحدت مسلمین کے رہنما علامہ باقر زیدی و دیگر رہنماو ں سے ملاقات کی ملاقات میں ملکی موجودہ صوتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔ملاقات میں ایم کیو ایم کے رکن سندھ اسمبلی عباس جعفری،اراکین رابطہ کمیٹی عبدالحسیب اور جاوید اختر ،ایم ڈبلیو ایم سے علی حسین نقوی، علامہ مبشر حسن، علامہ صادق جعفری ،مولانا غلام عباس ،میر تقی ظفر ،عارف رضا و دیگرموجود تھے ۔

رہنماوں کی ملاقات کے بعد مشترکہ پریس کانفرنس سے متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کیڈپٹی کنوینر عامر خان نے کہا کہ اسرائیل اور بھارت وطن عزیز میں مذہبی خلفشار پیدا کرنے کوششوں میں ہیں، اسرائیل کو کسی صورت تسلیم نہیں کریں گے، ستر سالوں سے ہمارا بیرونی دشمن ملکی سلامتی کیخلاف سازشیں کررہا ہے، پاکستان میں فرقہ وارانہ ہم آہنگی کیلئے مجلس وحدت مسلمین کی کوششوں کو سراہتے ہیں اور انشااللہ ساتھ مل کر وطن عزیز کو امن کا گہوارہ بنائیں گے، ایم کیو ایم شہر قائد میں شیعہ سنی اتحاد وحدت کو قائم رکھنے کیلئے نکلی ہے، تمام مکاتب فکر کے علما کے مشاورت کے بعد بہت جلد ایک بین المسالک اجلاس بلائیں گے تاکہ مملکت خداداد میں فرقہ واریت کو فروغ دینے والوں کی نفی ہوسکے، 10 محرم کے بعد شہر میں فرقہ واریت پھیلائی گئی، ملک بھر میں فرقہ واریت پھیلانے کی سازش ہورہی ہے، یزیدیت زندہ باد کے نعرے لگانے والے مسلمانوں کو تقسیم کرکے ملک کو عدم استحکام کی طرف لے جارہے ہیں، ہم حسینی ہیں اور یزیدی افکار کیخلاف میدان عمل میں موجود ہیں۔

(جاری ہے)

کانفرنس سے خطاب میں علامہ باقر زیدی نے کہا کہ شہر قائد میں فرقہ وارانہ ہم آہنگی کیلئے کی جانے والی ایم کیو ایم کی کوشش کو سراہتے ہیں، ملک میں شیعہ سنی فسادات کرانے والوں کے چہرے بینقاب ہورہے ہیں، عرب ممالک کی جانب سے اسرائیل کو تسلیم کرنے کے بعد پاکستان میں منظم انداز سے فرقہ واریت پھیلائی جارہی ہے، پاکستان بھر کے شیعہ سنی عوام اپنے ملک میں بیرونی ایجنڈے کو ناکام بنائیں گے، امام حسینؓ کی ذات تمام مسلمانوں کیلئے نکتہ وحدت ہے،سوشل میڈیا پر مذہبی منافرت پھیلائی جارہی ہے، ملک بھر میں کالعدم جماعتوں کے جلسوں میں شیعہ کافر کے نعرے نیشنل ایکشن پلان کی کھلی خلاف ورزی ہے، آرمی چیف، وزیراعظم پاکستان پیام پاکستان کے بیانیئے کو عملی جامہ پہنائیں اور وطن عزیز کو فرقہ واریت کی آگ میں دھکیلنے والی کالعدم جماعتوں کی بیخ کنی کریں۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں