یکم اپریل کو ملک بھر کے بلدیاتی اداروں میں سلام سینی ٹیشن ڈے منایا جائے گا

دیگر تین صوبوں میں بھی سینیٹیشن اسٹاف کو سیلوٹ پیش کرنے کیلئے سلام سینی ٹیشن ڈے منانے کا مطالبہ

ہفتہ 16 جنوری 2021 23:03

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 جنوری2021ء) آل پاکستان لوکل گورنمنٹ ورکرز فیڈریشن کے مرکزی چیئرمین سید ذوالفقار شاہ (کراچی)، صدر ملک نوید اعوان، جنرل سیکریٹری ملک نصیرالدین ہمایوں (گوجرانوالہ)، چیئرمین صوبہ پنجاب غلام محمد ناز صدارتی تمغہ امتیاز (راولپنڈی)، چیئرمین سندھ حافظ مشتاق کوریجو (نوڈیرو لاڑکانہ)، چیئرمین کے پی کے سوار خان (تخت بائی)، چیئرمین صوبہ بلوچستان غلام نبی کاکڑ (زیارت کوئٹہ) نے اپنے مشترکہ اخباری بیان میں کہا ہے کہ یکم اپریل کو گزشتہ سال کی طرح اس سال بھی شایان شان طور پر سینیٹرء ورکرز کی خدمات کو خراج تحسین پیش کرنے کیلئے سلام سینی ٹیشن ڈے منایا جائے گا۔

اس سلسلے میں چاروں صوبوں کے وزرائے اعلیٰ کو خطوط لکھے جاچکے ہیں جس کے جواب میں صوبہ پنجاب نے فیڈریشن کو کنفرمیشن دیتے ہوئے اس دن کو سرکاری طور پر منانے کا فیصلہ کیا ہے۔

(جاری ہے)

دیگر تین صوبوں کو یاددہانی کے خطوط روانہ کیے جارہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سینیٹری ورکرز وہ عظیم ہیرو ہیں جو خود تو بیماریوں کا شکار ہوتا ہے لیکن شہریوں کیلئے مسیحا ہے۔

اس کورونا کی وباء کے دوران اس نے فرنٹ لائن سولجر کے طور پر خدمات سرانجام دیں ہیں اس لئے وہ خراج تحسین کے مستحق ہیں لیکن اتنی عظمیم خدمت سرانجام دینے کے باوجود ان کو وہ مقام حاصل نہیں ہوا جس کے یہ مستحق ہیں۔ انہوں نے صوبائی حکومتوں سے مطالبہ کیا ہے کہ یکم اپریل 2021 کو سرکاری طور پر سینیٹیشن ورکرز ڈے کے طور پر منایا جائے۔ ان کو خراج تحسین پیش کرنے کیلئے سربراہ اجلاس کا انعقاد کریں اور ان کو پھول پیش کیے جائیں۔

تمام ڈیلی ویجرز سینیٹری ورکرز کی خدمات کو مدنظر رکھتے ہوئے ان کی مستقلی کا اعلان فرمایا جائے۔ ڈیلی ویجرز پر ہزاروں سینیٹری ورکرز کام کرتے ہیں اگر ان کی موت واقع ہوجائے تو ان کے خاندان کو ایک روپیہ بھی امداد نہیں ملتی ہے، پنشن تو دور کی بات ہے۔ انہیں مستقل نہیں کیا جارہا ہے لہٰذا انہیں اس موقع پر مستقل کیا جائے۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں