عدالت نے جعلی فیس بک آئی ڈیز کے ذریعے لڑکیوں کو بلیک میل کرنے والے ملزم کے ریمانڈ میں 3دن کی توسیع کردی

ہفتہ 23 جنوری 2021 16:25

عدالت نے جعلی فیس بک آئی ڈیز کے ذریعے لڑکیوں کو بلیک میل کرنے والے ملزم کے ریمانڈ میں 3دن کی توسیع کردی
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 جنوری2021ء) عدالت نے جعلی فیس بک آئی ڈیز کے ذریعے لڑکیوں کو بلیک میل کرنے والے ملزم کے جسمانی ریمانڈ میں 3دن کی توسیع کردی۔ہفتہ کوکراچی میں جوڈیشل مجسٹریٹ سید عمران امام زیدی کی عدالت میں جعلی فیس بک آئی ڈیز بنا کر لڑکیوں کو بلیک میل کرنے کے کیس کی سماعت ہوئی۔ ایف آئی اے کے تفتیشی افسر نے پیشرفت رپورٹ عدالت میں پیش کردی۔

تفتیشی افسر نے بتایا کہ ملزم صبیح سے 30 جعلی فیس بک آئی ڈیز حاصل کرلی گئیں ہیں۔عدالت نے تفتیشی افسر کی رپورٹ پر عدم اطمینان اور اظہار برہمی کرتے ہوئے ریمارکس دیئے کہ یہ کوئی عام معاملہ نہیں، حساس نوعیت کا کیس ہے، کتنی معصوم بچیوں کو ہراساں کیا گیا اور آپ نے صرف 30 آئی ڈیز ریکور کیں۔جج سید عمران امام زیدی نے کہا کہ معاملے کی مکمل چھان بین کی جائے۔

(جاری ہے)

ایسے حساس معاملات پر سنجیدگی کا مظاہرہ کرنا چاہیے۔ بتایا جائے کہ ملزم نے کتنی لڑکیوں کو ہراساں کیا۔عدالت نے پیر تک ایف آئی اے سے پیشرفت رپورٹ طلب کرتے ہوئے آئندہ سماعت پر تفتیشی افسر کو مکمل تیاری کے ساتھ پیش ہونے کا حکم دے دیا۔ عدالت نے ملزم کی جسمانی ریمانڈ میں بھی تین دن کی توسیع کردی۔ایف آئی اے کے مطابق ملزم کی جانب سے 150 فیک آئی ڈیز چلانے کا انکشاف ہوا تھا۔

ملزم فیک آئی ڈیز کے ذریعے لڑکیوں کو ہراساں کرتا تھا اور اس نے ایک لڑکی سے شادی کی خواہش ظاہر کی۔ شادی کے انکار پر ملزم نے لڑکی کی نازیبا تصاویر ان کی بہن کو بھیج دیں۔ملزم لڑکی کو غیر اخلاقی تصاویر سوشل میڈیا پر ڈالنے کی دھمکیاں دے رہا تھا۔ متاثرہ خاندان کی درخواست پر ایف آئی نے بروقت کارروائی کی۔ ملزم سے لڑکیوں کے نازیبا تصاویر بھی برآمد ہوئیں۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں