وفاقی حکومت کی پالیسیاں ناکامی کا شکار ہیں اسی لئے اثاثے گروی رکھے جارہے ہیں: امتیاز احمد

سندھ میں گیس اور ایل این جی بحران پیدا کرکے صنعتی عمل کو شدید نقصان پہنچایا جارہا ہے جس سے ہزاروں محنت کش بے روزگار ہورہے ہیں:صوبائی وزیر توانائی

جمعرات 24 جون 2021 23:15

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 24 جون2021ء) سندھ کے وزیرِ توانائی امتیاز احمد شیخ نے سندھ اسمبلی میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وفاقی حکومت کی پالیسیاں ناکامی کا شکار ہیں اسی لئے اثاثے گروی رکھے جارہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سندھ میں گیس اور ایل این جی بحران پیدا کرکے صنعتی عمل کو شدید نقصان پہنچایا جارہا ہے جس سے ہزاروں محنت کش بے روزگار ہورہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت کی ناکام معاشی و انتظامی پالیسیوں کے سبب سندھ میں معاشی بحران پیدا کیا جارہا ہے۔سندھ کے پانی کی بندش سے سندھ کی زراعت کو نقصان پہنچایا گیا۔ سندھ کے حصے کی گیس کی بندش سے سندھ کی صنعتوں کو نقصان پہنچایا جارہا ہے اور یہ سب جان بوجھ کر کیا جارہا ہے۔ وزیرِ اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ ہر فورم پر سندھ کے مسائل کی نشاندہی کررہے ہیں جس سے وفاقی حکومت پریشانی کا شکار ہے اور چونکہ سندھ کے وزیر اعلیٰ کی اہلیت کا حامل کسی اور صوبے کا وزیرِ اعلیٰ نہیں لہذا سندھ حکومت کی کارکردگی پر اثر انداز ہونے کے لئے سندھ حکومت کی راہ میں روڑے اٹکائے جارہے ہیں۔

(جاری ہے)

امتیاز احمد شیخ نے کہا کہ وفاقی حکومت کی پالیسیوں سے جو بحران پیدا ہوگا اسے سنبھالنا ان کے بس کی بات نہیں ہے۔ان سے معیشت سنبھل ہی نہیں پارہی اور یہ انتشار پیدا کررہے ہیں۔امتیاز احمد شیخ نے کہا کہ سندھ کو اپنی گیس پیداوار کا آئینی حق نہیں دیا جارہا یہ بھی ایک بہت بڑی آئینی خلاف ورزی ہے۔ بہتر ہوگا کہ وفاقی حکومت اپنی پالیسیوں کو درست کرے۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں