واٹر بورڈ کی نااہلی ،کورنگی میں سیوریج کا نظام درہم برہم

سیکٹر 51ایل میں فاطمہ مسجد کی سڑک تالاب میں تبدیل، تین ماہ سے سیوریج کا پانی کھڑا ہونے سے نمازیوں اور مکینوں کا شدید مشکلات کا سامنا

اتوار 25 جولائی 2021 20:20

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 جولائی2021ء) کراچی واٹر اینڈ سیوریج بورڈ کی نااہلی کے باعث کورنگی میں نکاسی آب کا نظام درہم برہم ہوگیا ، مسجد کے اطراف سیوریج کا پانی تالاب کا منظر پیش کررہا ہے۔ اہل علاقہ و نمازیوں کو شدید پریشانی کا سامنا ہے۔ کورنگی نمبر ساڑھے پانچ سیکٹر 51ایل میں واقع فاطمہ مسجد کے دونوں اطراف سیوریج کا مسئلہ عرصہ دراز سے درپیش ہے گذشتہ تین ماہ سے سیوریج کا پانی کھڑا ہے اہل علاقہ اور نمازیوں کے چلنے کی جگہ بھی نہیں ہے۔

اہل علاقہ کے مطابق کورنگی چار نمبر پر واقع کراچی واٹر اینڈ سیوریج بورڈ کے دفتر میں تحریری طور پر متعدد بار درخواست و شکایات درج کروانے کے باوجود کوئی شنوائی نہیں ہورہی ہے۔ ایگزیکٹیو انجینئر کورنگی سہیل اور سب انجینئر شوکت سے بھی رابطہ کر کے مسائل حل کرنے کی طرف توجہ دلوائی تاہم مسئلہ حل نہ ہوسکا۔

(جاری ہے)

اہل علاقہ نے مزید بتایا کہ علاقہ سپروائزر دلدار جو کہ علاقہ میں پیسوں کے معاملے میں بدنام ہے اس کو دوبارہ تعینات کردیا گیاہے۔

دلدار اور کنڈی مین شہزاد، جون، آصف وغیرہ علاقے میں پیسوں کے عوض گھروں میں نجی طور پر کام کررہے ہیں۔ اہل علاقہ نے الزام عائد کیا کہ ایگزیکٹیو انجینئر سہیل اور سب انجینئر شوکت کی ایما ء پر علاقہ میں پیسوں کے عوض کام کیا جارہا ہے۔ اہل علاقہ اور فاطمہ مسجد انتظامیہ نے منیجنگ ڈائریکٹر کراچی واٹر اینڈ سیوریج بورڈ کو خط لکھ کر تمام صورتحال سے آگاہ کردیا ہے اور خط میں نکاسی آب کا مسئلہ حل فوری حل کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

متعلقہ عنوان :

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں