کسی بھی معاشرے کی ترقی و خوشحالی میں نوجوان نسل اہم کردار ادا کرتی ہے،عبدالعزیزعرب

موجودہ حالات ، مہنگائی اور بے روزگاری کی وجہ سے نئی نسل کے ضائع ہونے کا خدشہ بڑھ گیا ہے،جنرل سیکرٹری جونا گڈھ اسٹیٹ مسلم فیڈریشن

اتوار 24 اکتوبر 2021 16:15

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 اکتوبر2021ء) جونا گڈھ اسٹیٹ مسلم فیڈریشن کے جنرل سیکرٹری عبدالعزیز عرب نے کہاہے کہ کسی بھی معاشرے کی ترقی و خوشحالی میں نوجوان نسل اہم کردار ادا کرتی ہے،موجودہ حالات ، مہنگائی اور بے روزگاری کی وجہ سے نئی نسل کے ضائع ہونے کا خدشہ بڑھ گیا ہے، جونا گڈھ اسٹیٹ مسلم فیڈریشن کی جانب سے اپنے نوجوانوں کے مستقبل کو بہتر اور محفوظ بنانے کے لیے ہر سطح پر اقدامات کیے جارہے ہیں۔

بہت جلد جونا گڈھ اسٹیٹ مسلم فیڈریشن کے پلیٹ فارم سے اپنے بچوں کو بہتر تعلیم اور صحت کی سہولیات فراہم کریں گے۔ بہت جلد لائبریری و ریسرچ سینٹر کا افتتاح کیا جائے گا اور کینسر اسپتال اینڈ میڈیکل کالج کے قیام ترجیحات میں شامل ہیں۔ وہ مختلف برادریوں کے عمائدین سے گفتگو کررہے تھے جنہوں نے جونا گڈھ اسٹیٹ مسلم فیڈریشن کی کاوشوں کو سراہا اور اپنے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔

(جاری ہے)

عبدالعزیز عرب نے کہا کہ نوجوان نسل کو تعلیم کے میدان میں آگے سے آگے لے کر جانا چاہتے ہیں۔ ان کی رہنمائی یا گائیڈلائن پر کام نہ کیا گیا تو آئندہ کی نسلوں کو بہتر افراد فراہم نہیں ہوسکیں گے۔ اپنے محفوظ مستقبل کے لیے کارآمد افراد اور نوجوانوں کی تیاری بہت ضروری ہے۔ اس سلسلے میں فیڈریشن گاہے بگاہے ورکشاپس کا انعقاد کرتی رہتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کورسز اور پروگرامز اپنے انسٹیٹیوٹ کے ذریعے سے کرواتے رہتے ہیں، درجنوں بچے اور بچیاں ان ورکشاپس اور ٹریننگ پروگرامات سے استفادہ حاصل کرچکے ہیں۔ ہمارا مکمل چیک اینڈ بیلنس رہتا ہے تاکہ اپنے نوجوانوں کو بہتر مستقبل فراہم کیا جاسکے۔

متعلقہ عنوان :

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں