فلسطین و کشمیر کی آزادی کیلئے مجاہدین کی آزادی ضروری ہے،متحدہ علماء محاذ

300علماء کا اجتماعات جمعہ میں جنگ بندی ،اسرائیلی مصنوعات کے بائیکاٹ کا مطالبہ

جمعہ 19 اپریل 2024 18:56

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 اپریل2024ء) متحدہ علماء محاذ پاکستان میں شامل مختلف مکاتب فکر کے 300سے زائد جید علماء مشائخ ،خطباء نے اجتماعات جمعہ میں فلسطین غزہ پر تاحال جاری انسانیت سوز وحشیانہ خونی جارحیت کیخلاف فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے حماس کے سربراہ اسماعیل ھنیہ کے تین جواں سال بیٹوں ، پوتے پوتیوں کی اسرائیلی حملے میں المناک شہادت کی مذمت اور شہدائے فلسطین کو خراج عقیدت پیش کیا۔

علماء نے کہا کہ فلسطین و کشمیر کی آزادی کیلئے مجاہدین کی آزادی اور سرکاری سرپرستی ضروری ہے۔جانب دار غیر موثر اقوام متحدہ کی بے سود قراردادوں سے امیدوں کے بجائے مسلم حکمران مشترکہ اسلامی فوج تشکیل دیں۔ حکومت سرکاری سطح پر تمام تر اسرائیلی مصنوعات کی خرید و فروخت ،استعمال اور کھانے پینے کی اشیاء پر فی الفور مکمل پابندی کا اعلان کرے۔

(جاری ہے)

صدر ،وزیراعظم ، چیف آف آرمی اسٹاف پوری قوت کے ساتھ اسرائیل کو فلسطینیوں پر وحشیانہ مظالم سے باز رکھنے کیلئے تنبیہ کریں اور دوٹوک واضح الفاظ میں سخت وارننگ دے ۔علماء نے ایرانی سفارتخانے پر اسرائیلی حملے کے خلاف جوابی کارروائی کو بروقت جرأت مندانہ اقدام قرار دیا۔علماء نے افغان بارڈر پر دہشتگردی کی کارروائی کی مذمت کرتے ہوئے پاک فوج کی جانب سے 7حملہ آور دہشتگردوں کو بروقت واصل جہنم کرنے کے جرأت مندانہ، مجاہدانہ اقدام پر انہیں خراج تحسین پیش کیا۔

علماء نے بیت المقدس کی جلدآزادی ،مظلوم فلسطینی مجاہدین اور افواج پاکستان کی کامیابی اور ملکی امن واستحکام کیلئے خصوصی دعائیں کرائیں۔اجتماعات جمعہ سے محاذ کے بانی سیکریٹری جنرل مولانا محمدامین انصاری ، مرکزی صدر حجة الاسلام علامہ مرزایوسف حسین،محاذ کے چیئرمین علامہ عبدالخالق فریدی سلفی،مولانا قاری اللہ داد،محاذ کراچی کے صدر شیخ الحدیث مفتی محمد دائود،علامہ عبداللہ غازی،حجة الاسلام علامہ حسن شریفی،جمعیت علمائے اسلام کے رہنما شیخ الحدیث مولانا سلیم اللہ خان ترک ،علامہ پروفیسر ڈاکٹر سید شمیل احمد قادری حنبلی،مولانا مفتی وجیہہ الدین، علامہ سید سجاد شبیر رضوی،علامہ مرتضیٰ خان رحمانی، علامہ ڈاکٹر شاہ فیروز الدین رحمانی،علامہ عبدالماجد فاروقی، انٹرنیشنل ختم نبوت سندھ کے امیرعلامہ ڈاکٹر مفتی عبدالغفوراشرفی،مولانا محمد اقبال ڈہروی،علامہ اظہر فاروقی ،مولانا مفتی اسدالحق چترالی،علامہ مفتی روشن دین الرشیدی، مفتی شبیر احمد، علامہ شبیر احمد عثمانی ،مولانا مفتی محمد بلال تھانوی ودیگرنے خطاب کیا۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں