سپریم کورٹ کا نسلہ ٹاور کی زمین فروخت کرکے الاٹیز کو معاوضہ ادا کرنے کا حکم

بلڈرکا انتقال ہوچکا ہے ، تاحال معاوضہ نہیں ملا، عدالت نے 44 متاثرین کو معاوضہ ادائیگی کا حکم دیا تھا،وکیل درخواست گزار

جمعرات 25 اپریل 2024 18:31

سپریم کورٹ کا نسلہ ٹاور کی زمین فروخت کرکے الاٹیز کو معاوضہ ادا کرنے کا حکم
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 اپریل2024ء) سپریم کورٹ کراچی رجسٹری نے نسلہ ٹاور کی زمین فروخت کرکے الاٹیز کو معاوضہ ادا کرنے کا حکم دے دیا۔سپریم کورٹ کراچی رجسٹری میں نسلہ ٹاور کے متاثرین کو معاوضے کی ادائیگی سے متعلق کیس کی سماعت چیف جسٹس پاکستان قاضی فائز عیسی کی سربراہی میں بینچ نے کی۔متاثرین کے وکیل ایڈووکیٹ شہاب سرکی نے بتایا کہ بلڈر عبدالقادر کا ٹیلا کا انتقال ہوچکا ہے ، تاحال معاوضہ نہیں ملا، عدالت نے 44 متاثرین کو معاوضہ ادائیگی کا حکم دیا تھا۔

ایڈووکیٹ جنرل نے بتایا کہ کمشنر نے زمین تحویل میں لے کر کارروائی مکمل کرکے رپورٹ جمع کرادی تھی، متاثرین کے وکیل نے کہا کہ نسلہ ٹاور سے ملحقہ 240 گز کا پلاٹ بھی فروخت کرکے متاثرین کو رقم دی جائے۔

(جاری ہے)

بعد ازاں سپریم کورٹ نے نسلہ ٹاور کی زمین فروخت کرکے الاٹیز کو معاوضہ ادا کرنے کا حکم دے دیا، عدالت نے سندھی مسلم سوسائٹی سے نسلہ ٹاور کے مرحوم بلڈر کے ورثا کی تفصیلات بھی طلب کرلی۔

عدالت نے نسلہ ٹاور کے پلاٹ کی مارکیٹ ویلیو سے متعلق رپورٹ اور نسلہ ٹاور سے ملحقہ پلاٹ کے حوالے سے تفصیلی رپورٹ بھی مانگ لی۔عدالت نے نسلہ ٹاور کی زمین کی فروخت کا اشتہار شائع کرانے کا حکم دیتے ہوئے سندھی مسلم کو آپریٹیو سوسائٹی کو نوٹس جاری کردیے۔سپریم کورٹ نے ریمارکس دیے کہ نیلامی میں آنے والی بولی کی بھی رپورٹ عدالت میں پیش کی جائے، مزید کہا کہ نسلہ ٹاور کے متاثرین ملکیت کے دستاویزی شواہد کے ساتھ آفیشل اسائنء سے رابطہ کریں۔

علاوہ ازیں عدالت میں غیرقانونی عمارت تجوری ہائٹس کے متاثرین کو معاوضے کی ادائیگی کے کیس کی سماعت ہوئی۔ عدالت کے پوچھنے پر وکیل نے بتایا کہ تجوری ہائٹس گورنر سندھ کامران ٹیسوری کا ہے۔چیف جسٹس نے ہدایت کی کہ عدالت نے تین ماہ میں متاثرین کو معاوضہ ادا کرنے کا حکم دیا تھا، آپ لوگوں کے پیسے واپس کریں۔ بلڈر کے وکیل نے کہا کہ متاثرین کو معاوضہ ادا کیا جاچکا ہے جو رہ گیا ہے اسے بھی دے دیں گے۔

اس دوران چیف جسٹس نے سوال کیا کہ کس کا ہے تیجوری ہائئٹس جس پر تیجوری ہائٹس کے وکیل عابد زبیری نے بتایا کہ گورنر سندھ کی اہلیہ کے نام پر تھا پلاٹ۔چیف جسٹس نے سوال کیا کہ نوٹس گورنر ہاس بھیجیں کہاں بھیجیں مالک کو ہی متاثرین کا پیسہ دینا ہے، کم از کم اخلاقی تقاضہ تو ہے کہ آپ متاثرین کو پیسے دیں۔۔وکیل عابد زبیری بولے کہ مجھے کلائنٹ سے انسٹرکشن لینے دیں کچھ وقت دیا جائے۔

جس پر چیف جسٹس نے کہا کہ تین سال ہوگئے ہیں یہ آج کا آرڈر تو نہیں ہے، کیا کریں توہین عدالت کا نوٹس بھیجیں آپ چاہتے ہیں توہین عدالت کا نوٹس بھیجیں عابد زبیری نے کہا کہ میں اس درخواست میں وکیل نہیں تھا مجھے ٹائم دیا جائے۔جس پر چیف جسٹس نے کہا کہ نکالیں عابد زبیری صاحب کا وکالت نامہ، سارا ریکارڈر موجود ہے ہمارے پاس۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں