ایک سال میں سیف سٹی پروجیکٹ مکمل کرلیا جائے گا ، گورنرسندھ

ٹارگٹ کلنگ میں جو لوگ مارے گئے ان کے لواحقین سے معذرت چاہتاہوں ،تقریب سے خطاب

جمعرات 25 اپریل 2024 21:35

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 اپریل2024ء) گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے گورنر ہائوس میں موٹر سائیکلز اور امدادی چیک تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے کہاہے کہ گورنر انیشیٹیو کے تحت روزگار اسکیم شروع کرنے جا رہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کے ساتھ تاجروں سے ملاقات ہوئی،ان کے مسائل وزیراعظم صا حب کو دیئے،مقصد صرف یہ ہے کہ ملک اور صوبہ ترقی کرے۔

انہوں نے کہاکہ دیگر ممالک کی عمارتیں دیکھ وہاں کی ترقی کا اندازہ لگایا جاتا ہے،شاہراہ فیصل کے اطراف کثیر المنزلہ عمارتیں تعمیر کریں گے۔انہوں نے کہا کہ رات دن دل سے کوشش کی ہے کہ لوگوں کے لیے آسانیاں پیدا کریں،بیرونی طاقتیں ملک کی ترقی کبھی نہیں چاہیں گی۔انہوں نے کہا کہ عسکری قیادت معاشی دہشت گردی کا بھی مقابلہ کر رہے ہیں،بیرونی سرمایہ کاری تمام سازشوں کا جواب دینے کے لیے کافی ہے۔

(جاری ہے)

ایک سوال کے جواب میں گورنرسندھ نے کہا کہ تجوری ہائٹس سے میرا کوئی تعلق نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ ساری زندگی کوئی کسی سیٹ پر نہیں رہتا،میرا وعدہ ہے کہ میرے سارے اینیشیٹو جاری رہیں گے۔ ایک اور سوال کے جواب میں گورنرسندھ نے کہا کہ اسٹریٹ کرائم پر سندھ گورنمنٹ کام کررہی ہے اس حوالے سے آئی جی اور سی ایم سے بات ہوئی ہے، ایک سال کے اندر سیف سٹی پروجیکٹ مکمل کرلیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ ٹارگٹ کلنگ کے دوران مارے گئے لوگوں کے لواحقین سے معذرت چاہتا ہوں،ٹارگٹ کلنگ کا شکار لوگوں کی مالی مدد بھی کی ہے،لوگوں کو پہلے سے کہی زیادہ ہماری ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ غیر ملکی سرمایہ کاری آرہی ہے،آنے والے دنوں میں ملک کی ترقی دیکھیں گے،جلد ملک کے بحران پر قابو پا لیں گے۔ تقریب میں چالیس افراد کو ما لی امداد کے چیک دیئے گئے۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں