تھرکول بلاک منصوبے کے پہلے فیز کی تکمیل سے 1320میگاواٹ بجلی نیشنل گرڈ میں شامل کی جائی گی، سید ناصر حسین شاہ

ہفتہ 27 اپریل 2024 23:25

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 اپریل2024ء) صوبائی وزیر توانائی اور ترقیات و منصوبہ سندھ سید ناصر حسین شاہ نے کہا ہے کہ تھرکول بلاک منصوبے کے پہلے فیز کی تکمیل سے 1320میگاواٹ بجلی نیشنل گرڈ میں شامل کی جائی گی۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کو محکمہ توانائی سندھ کے دفتر میں شنگھائی پاور کے سی ای او مینگ ڈھونگھائی اور سی ای او ، ایس ایس آر سی مسٹر جیسن سے بات چیت کرتے ہوئے کیا ۔

اس موقع پرسیکرٹری محکمہ توانائی سندھ کاظم جتوئی سمیت محکمہ توانائی کے دیگر اعلی افسران بھی موجود تھے۔ وزیر توانائی نے کہا کہ 2300میگاواٹ کا تھرکول بلاک ون پاور جنریشن منصوبہ توانائی کی ضروریات کے سلسلے میں اہم کردار ادا کرے گا۔انہوں نے وفد کو منصوبے میں جاری تمام رکاوٹوں کو فوری طور پر دور کرنے اور مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت منصوبے کے حوالے سے ہر ممکن تعاون کرے گی تاکہ منصوبے کو جلد مکمل کیا جاسکے۔ وزیر توانائی نے وفد کو ہدایت کی کہ منصوبے میں مقامی افراد کا خاص خیال رکھا جائے اور انہیں ہر ممکن سہولیات فراہم کی جائیں ۔ ناصر شاہ نے کہا کہ تھرکول منصوبہ سندھ سمیت پورے ملک کیلئے انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے وژن کے مطابق سندھ حکومت عوامی فلاح وبہبود کے منصوبوں پر توجہ دے رہی ہے۔ صوبہ سندھ میں سولرائیزیشن ہو یا توانائی کے منصوبے بلاول بھٹو کی ہدایت پر تمام شعبوں میں تیزی سے کام ہورہا ہے۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں