محنت مزدوری کرنے والوں کو کمتر سمجھناافسوسناک ہے ، مفتی بلال قادری

بدھ 1 مئی 2024 21:18

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 مئی2024ء) مزدوروں سے حسن سلوک کرنااس حدتک اہمیت کا حامل ہے کہ مشکلات اور مصائب میں گرفتار ہونے پر ایسے شخص کی دعاکو اللہ تعالیٰ شرف قبولیت بخشتاہے جس نے مزدوروں کے ساتھ حسن سلوک کیاہو۔ محنت ومزدوری کی عظمت کو اس حقیقت کی روشنی میں بھی سمجھاجاسکتاہے کہ انبیائے کرام ؑ نے بھی محنت اور مزدوری کی ہے۔

اسلام نے انصاف پر مبنی معاشرے کی تشکیل کے لئے محنت کشوں اور مزدوروں کے حقوق کی ادائیگی کی بھی تعلیم دی ہے، افسوس محنت ومزدوری کرنے والوں کو معاشرے میںکمتر سمجھاجاتاہے اور وہ مقام نہیں دیاجاتاجو اس کا حق ہے۔ ان خیالات کا اظہار جماعت اہلسنّت پاکستان کراچی کی مساجد ومدارس ولاء اینڈآرڈر کمیٹی کے سربراہ مفتی محمد بلال قادری نے عالمی یوم مزدور کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ اسلام کا سب سے بڑاکارنامہ یہ ہے کہ حلال روزی کمانے کو فرض قرار دیابلکہ اپنے ہاتھ سے محنت کی روزی کو سب سے بہتر اورافضل قرار دے کر مزدوروں اور محنت کشوں کو عزت کا مقام عطافرمایا۔ انہوں نے کہاکہ رسول کریم ﷺ کا ارشاد ہے کہ مزدور کا پسینہ سوکھنے سے پہلے اس کا محنتانہ دیناچاہئے ۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان میں مزدور طبقے کا استحصال کوئی نئی بات نہیں ہے ،افسوس کے ساتھ کہناپڑتاہے کہ اسلامی نظریاتی مملکت میں اسلامی اصول واقدار کی خلاف ورزیاں بڑے عرصے سے جاری ہیں، غیروں کا عالمی دن مناکر یہ سمجھاجاتاہے یا باور کرایا جاتاہے کہ ہم نے مزدوروں کا حق اداکردیا۔

آج بھی مزدوروں کے بچوں پر تعلیم کے دروازے بند ہیں، مزدورں کے بچوں کو نوکریاں نہیں ملتی،مزدور کو کمتر اور حقیر جان کر دھتکاردیاجاتاہے۔ سالوں فیکٹریوں اور صنعتوں میں کام کرنے والوں کواچانک نوکریوں سے نکال دیاجاتاہے، مزدور اپنی محنت کی تنخواہ کے حصول کے لئے مارے مارے پھرتے ہیں ۔ اجرت اتنی کم ہے کہ گزارا مشکل ہوتاہے۔ انہوں نے مطالبہ کیاکہ مہنگائی کے تناسب سے مزدوروں کی تنخواہیں بڑھائی جائیں ،اس سلسلے میں خلیفہء بلافصل سیدناصدیق اکبر ؓ کے فلسفے پر عمل کیاجائے۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں