پرویزالٰہی کے کیس میں مزید تفتیش کی ضرورت ہے ،غیرقانونی بھرتی کیس میں ضمانت کا تحریری فیصلہ جاری

بدھ 22 مئی 2024 14:22

پرویزالٰہی کے کیس میں مزید تفتیش کی ضرورت ہے ،غیرقانونی بھرتی کیس میں ضمانت کا تحریری فیصلہ جاری
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 مئی2024ء) لاہور ہائی کورٹ نے سابق وزیر اعلی پنجاب چودھری پرویزالٰہی کی پنجاب اسمبلی میں غیر قانونی بھرتی کے مقدمے میں ضمانت کا تحریری فیصلہ جاری کردیا۔ہائیکورٹ کے جسٹس سلطان تنویر احمد نے 8 صفحات پر مشتمل تحریری فیصلہ جاری کیا۔فیصلے میں بتایا گیا کہ پرویز الٰہی کے کیس میں مزید تفتیش کی ضرورت ہے چنانچہ عدالت ان کی ضمانت منظور کرنے کا حکم دیتی ہے۔

(جاری ہے)

فیصلے میں کہا گیا کہ عدالت پرویز الٰہی کو 5لاکھ روپے کے مچلکے اور دو شورٹی بانڈ جمع کروانے کی ہدایت کرتی ہے، عدالت نے پرویز الٰہی کی ضمانت منظوری کے فیصلے میں سپریم کورٹ کے احکامات کا حوالہ بھی دیا۔عدالتی فیصلے کے مطابق پرویز الٰہی کے وکیل نے بتایا کہ سابق وزیر اعلیٰ پنجاب کی عمر 80سال ہے، پی ٹی آئی رہنما کے وکیل نے استدعا کی کہ پرویز الٰہی کی ضمانت منظور کی جائے تاہم سرکاری وکیل نے درخواست ضمانت کی مخالفت کی۔فیصلے میں مزید بتایا گیا ہے کہ سرکاری وکیل نے کہا اس اسٹیج پر ان کی ضمانت منظور نہ کی جائے۔واضح رہے کہ 21مئی کو لاہور ہائی کورٹ سے ضمانت منظور ہونے کے بعد پاکستان تحریک انصاف کے رہنما چودھری پرویز الٰہی کو جیل سے رہا کردیا گیا تھا۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں