قائم مقام صدر مملکت یوسف رضا گیلانی نے تحریک انصاف کو مذاکرات کی دعوت دیدی

گفتگو کا راستہ کھلا رہنا چاہیے، ملک کیلئے سب کو ایک میز پر بیٹھنا ہوگا، تحریک انصاف بھی مذاکرات پر آئے،مزار قائد پر حاضری کے بعد میڈیا سے گفتگو

Faisal Alvi فیصل علوی بدھ 22 مئی 2024 13:38

کراچی(اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔22 مئی 2024 ) قائم مقام صدر مملکت یوسف رضا گیلانی نے تحریک انصاف کو مذاکرات کی دعوت دیدی،گفتگو کا راستہ کھلا رہنا چاہیے، ملک کیلئے سب کو ایک میز پر بیٹھنا ہوگا، تحریک انصاف بھی مذاکرات پر آئے،سابق وزیراعظم شہید بینظیر بھٹو نے بھی کبھی مذاکرات کا راستہ نہیں چھوڑاتھا،ہمارے ملک میں اگر قتل بھی ہو جائے تو ٹیبل پر بیٹھنا ہوگا۔

قائم مقام صدر مملکت نے کراچی میں بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح ؒ کے مزار پر حاضری دی اور فاتحہ خوانی کی اور مہانوں کی کتاب میں اپنے تاثرات بھی درج کئے ۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی نے ایک کمیٹی بنائی تھی۔ مجھے یاد ہے اس وقت شاہ محمود قریشی سمیت اور لوگ بھی اس کمیٹی میں تھے ہم نے اس وقت انہیں انتخابات کی تاریخ دے دی تھی پھر انہوں نے کہا ہم پوچھ کر بتائیں گے میں نے اس وقت ان کو کہاتھا کہ آپ نے خیبرپختونخواہ اور پنجاب اسمبلی توڑ کر غلطی کی ہے۔

(جاری ہے)

پاکستان میں مسائل ضرور ہیں، حکومت کے ساتھ مل کر پاکستان کے مسائل حل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، حکومت جو بھی اچھے کام کرے گی، ان میں اس کا ساتھ دیں گے، ملک کی 65 فی صد آبادی نوجوانوں پر مشتمل ہے۔ ہمارے لیڈر بلاول بھٹو بھی نوجوان ہیں ، ہم حکومت کے ساتھ ملکر پاکستان کے مسائل حل کررہے ہیں۔جمعیت علمائے اسلام ( ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن ہمارے پرانے دوست ہیں۔

ان کو بھی یہ کہا ہے کہ وہ بھی ٹیبل پر ہمارے ساتھ بیٹھیں ۔جب ٹیبل پر بیٹھیں گے تو پھر گلے شکوے بھی دور ہو جائیںگے۔ قائم مقام صدر یوسف رضا گیلانی کا کہنا تھا کہ آج مزار قائد پر حاضری دینے آیا ہوں۔ میں پہلے ان کی قبر پر نہیں گیا تھا، میں آج بیسمنٹ میں ان کی قبر پر بھی گیا، میں ایک بار وزیر بھی تھا تو مزار قائد کی تزئین و آرائش میرے ذمّہ تھے۔انہوں نے کہا کہ آئین کے بنانے والے ننگے پاو¿ں مزار قائد آئے تھے، قائد اعظم سے لوگ پوچھتے تھے آپ ملتان کیوں نہیں جاتے ہیں تو وہ میرے والد کے بارے میں کہتے تھے وہاں گیلانی موجود ہے۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں