کوٹ ڈیجی کے ملازم محمد علی چنہ کے مغوی بیٹے امجد علی چنہ کی بازیابی کیلیے ٹاؤن آفس پر احتجاج

پنوں عاقل کے 4 ملازمین کی تنخواہوں کی بلا جواز بندش کے خلاف احتجاج کا اعلان،ٹاؤن کمیٹی کوٹ ڈیجی کے سینئر ملازم سید معصوم شاہ کے انتقال پر تعزیت

اتوار 12 مئی 2024 18:00

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 مئی2024ء) پنوں عاقل میونسپل انتظامیہ نے بلاجواز 4ملازمین کرم علی جتوئی کشور کمار، امان اللہ اور عبدالرحمن جتوئی کی تنخواہیں بند کردی ہیں اگر فوری طور پر ان ملازمین کو تنخواہیں ادا نہ کی گئیں تو سکھر ڈویڑن میں بھرپوراحتجاج کیا جائے گا۔ان خیالات کا اظہار آل پاکستان لوکل گورنمنٹ ورکرز فیڈریشن سکھر ڈویڑن کے چیئرمین سید واجد علی شاہ،صدر عبدالمجید جسکانی،جنرل سیکرٹری نوازجمانی نے اپنے اخباری بیان میں کیا۔

انہوں نے کہا کہ میونسپل کمیٹی کے ملازمین کرم علی جتوئی،کشور کمار،امان اللہ عبدالرحمن جتوئی اپنی ڈیوٹیاں ایمانداری سے انجام دیرہے ہیں اس کے باوجود انکی تنخواہیں ادا نہیں کی جارہی ہیں۔لہذا انکے ساتھ منصفانہ سلوک کرتے ہوئے انکی تنخواہیں ادا کی جائیں۔

(جاری ہے)

دوسری جانب گزشتہ روز اغوا ہونے والے ٹاؤن کمیٹی کوٹ ڈیجی کے ملازم محمدعلی چنہ کے ساتویں جماعت کے طالب علم امجد علی چنہ کو رانی پور جاتے ہوئے راستے سے اغوا کرلیا گیا۔

اس کی بازیابی کیلیے آل پاکستان لوکل گورنمنٹ ورکرز فیڈریشن سکھر ڈویڑن کے تحت ٹاؤن آفس کوٹ ڈیجی کے سامنے سکھر ڈویڑن کے چیئرمین سید واجد علی شاہ کی قیادت میں احتجاج کیا گیا۔اس موقع پر زبردست نعرے بازی کی گئی اور ایس ایس پی خیرپور سے مغوی امجد علی چنہ کی جلد بازیابی کا مطالبہ کیا گیاہے۔ کوٹ ڈیجی کے سینیئر ملازم سید معصوم علی شاہ آج جان فانی سے کوچ کرگئے۔

ایمپلائزیونین کوٹ ڈیجی کی جانب سے منگل 14 مئی کو مرحوم سید معصوم علی شاہ کے سوئم کیسلسلے میں قرآن خوانی اور مجلس عزا ٹاؤن کمیٹی کوٹ ڈیجی آفس میں منعقد کی جائے گی۔ آل پاکستان لوکل گورنمنٹ ورکرز فیڈریشن کے صوبائی صدر سید ذوالفقار شاہ اور سکھر ڈویڑن کے عہد یداروں اور یونین رہنماؤں نے سید معصوم علی شاہ کے انتقال پر تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے سوگوار خاندان سے دلی ہمدردی کا اظہار کیا ہے۔

متعلقہ عنوان :

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں