سنبل اقبال اور شہزاد شیخ ایک ساتھ ڈرامے میں جلوہ گر ہوں گے

ڈرامے کی شوٹنگ کا آغاز کردیا گیا‘ڈرامے کو رواں سال کے آخر میں نشر کیا جائے گا

پیر 16 ستمبر 2019 11:24

سنبل اقبال اور شہزاد شیخ ایک ساتھ ڈرامے میں جلوہ گر ہوں گے
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 ستمبر2019ء) پاکستانی اداکارہ سنبل اقبال کا شمار ان فنکاراؤں میں کیا جاتا ہے جو اپنے کیریئر میں ایک کے بعد ایک بہترین پروجیکٹس کا حصہ بنتی آرہی ہیں۔اور اب اداکارہ نے ایک اور نیا پروجیکٹ سائن کردیا جس میں وہ اداکار شہزاد شیخ کے ساتھ کام کرتی نظر آئیں گی۔اس ڈرامے کی پروڈکشن ایم ڈی پروڈکشن کمپنی کی جانب سے کی جارہی ہے۔

اداکارہ نے ڈرامے کی کہانی کے حوالے سے بتایا کہ اس ڈرامے کی کہانی نہایت سنجیدہ ہے، جو ایک جوڑے کی زندگی پر مبنی ہے، ڈرامے کے کردار شہاب اور چندا خاندان کی مرضی اور اجازت کے بغیر شادی کرتے ہیں اور آخر میں ان دونوں کو فیملی کی قدر کا اندازہ ہوتا ہے۔سنبل اقبال اس وقت ’’جال‘‘ نامی ڈرامے میں بھی کام کررہی ہیں۔

(جاری ہے)

اس حوالے سے اداکارہ کا مزید کہنا تھا کہ میں یہ ضرور کہوں گی کہ اس نئے ڈرامے میں میرا کردار اس سے بالکل منفرد ہے جو میں جال میں نبھارہی ہوں، یہ پہلا پروجیکٹ ہے جس میں، میں شہزاد کے ساتھ کام کررہی ہوں، مجھے امید ہے شائقین کو ہماری جوڑی پسند آئے گی۔

دوسری جانب شہزاد شیخ کا کہنا تھا کہ ہم نے ڈرامے کی شوٹنگ کا آغاز بھی کردیا اور سنبل ایک بہترین ساتھی اداکار ثابت ہورہی ہیں، یہ ایک رومانوی کہانی ہے اور مجھے میرا کردار بیحد پسند آرہا ہے۔اب تک اس ڈرامے کے نام کا اعلان نہیں کیا گیا، اس کی کہانی ثمینہ اعجاز نے تحریر کی جبکہ ہدایات صائمہ وسیم دے رہی ہیں۔ڈرامے کو رواں سال کے آخر میں نشر کیا جائے گا۔

متعلقہ عنوان :

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں