ورلڈبینک کے وفد کا دورہٴ بلدیہ وسطی برساتی نالوںکی کارکردگی بہتر بنانے پر استفسار

جمعہ 19 اکتوبر 2018 18:50

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 اکتوبر2018ء) ورلڈ بنک کے چاررکنی وفد نے فوکل پرسن کبیر دوانی کی سربراہی میں بلدیہ وسطی کادورہ کیا ۔ برساتی نالوں کی کارکردگی کو بہتر بنانے کے حوالے سے گفتگو اور مشورے کئے گئے۔ تفصیلات کے مطابق بلدیہ وسطی سے گزرنے والے برساتی نالوں کی ناگفتہ بہ حالت کو بہتر کرنے اور انکی تعمیرِ نًو کے ساتھ کارکردگی کو بہتر بنانے کے معاملے پر گفتگو کرنے اور مشورہ دینے کے لئے ورلڈ بینک کے چار رکنی وفد نے بلدیہ وسطی کا دورہ کیا۔

وفد میںماہر نکاسی آب پیٹر کیرسن،ماہر ماحولیات اظہراللہ ،اورسوشل ایکسپرٹ حافظ شامل تھے۔چیئرمین بلدیہ وسطی ریحان ہاشمی نے ورلڈ بنک کے نمائندوں کو ضلع وسطی سے گزرنے والے نالوں کی حالت کامعائنہ کرنے کے لئے ضلع وسطی کے مختلف علاقوں کا دورہ کرایا کہ جہاں جہاں سے برساتی نالے گر رہے ہیں۔

(جاری ہے)

اس موقع پر ورلڈ بنک کے نمائندوں نے بتایا کہ برساتی نالوں کی تباہی اور کارکردگی خراب ہونے کا سبب ان کا اوپن یعنی کھُلا ہونا اور انہیں عام سیوریج لائن سے جوڑنا ہے۔

جبکہ برساتی نالے تو سیلابی پانی کی نکاسی کیلئے بنائے گئے ہیں۔ ان کوکھُلا چھوڑدینے سے عام کوڑاکرکٹ خود بخود اُڑکر نالوںمیں چلاجاتاہے جبکہ عام لوگ بھی کوڑانالوںمیں پھینکنے سے گریز نہیں کرتے۔ اس لئے ضروری ہے کہ نالوں پر چھت تعمیر کی جائے ۔ انہوں نے سیوریج لائنوں اور برساتی نالوںکو الگ کرنے پر زور دیا۔ واضح رہے کہ بلدیہ وسطی کا سیلابی پانی کے نکاسی کا نظام جو کہ برساتی نالوں پر مبنی ہے کافی حد تک ناکارہ ہوچُکا ہے کیونکہ تمام برساتی نالوں پر ایک تو ناجائز تجاوزات قائم ہیں تو دوسری جانب ان کی صفائی نہ ہونے کے سبب کوڑاکرکٹ اور مٹی کی تہیں جم جانے سے نالوں کی گہرائی نہ ہونے کے برابر رہ گئی ہے۔

ضروری امر یہ ہے کہ نالوں کو نہ صرف تجاوزات سے خالی کرایا جائے بلکہ انکی صفائی کرکے گہرائی میں اضافہ کیا جائے اور تعمیرِ نو کے ذریعے انکی مضبوطی اور کارکردگی کی عمر میں اضافہ کیا جائے۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں