ڈپٹی کمشنر منظر جاوید علی کا شہر کا اچانک دورہ ، لاک ڈائون پر عملدرآمد اور صفائی ستھرائی کا جائزہ لیا

ضلعی انتظامیہ کورونا وائرس سے نمٹنے کیلئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لا رہی ہے‘ شہر میں صفائی ستھرائی کے بہترین انتظامات کو یقینی بنایا جائے ‘ڈپٹی کمشنر منظر جاوید علی

منگل 7 اپریل 2020 18:25

قصور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 اپریل2020ء) ڈپٹی کمشنر قصور منظر جاوید علی کا شہر کا اچانک دورہ ، لاک ڈائون پر عملدرآمد اور صفائی ستھرائی کا جائزہ لیا ۔ تفصیلات کے مطابق ڈپٹی کمشنر قصور منظر جاوید علی نے گزشتہ روزلاک ڈائون پر عملدر آمد اور شہر میں صفائی ستھرائی کا جائزہ لیا ۔ اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر قصور انعم زید ، چیف آفیسر میونسپل کارپوریشن شہزاد احمد قریشی اور دیگر متعلقہ افسران بھی ہمراہ تھے ۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر قصور منظر جاوید علی نے کہا کہ عوام الناس کے تحفظ کیلئے پنجاب حکومت کی طرف سے لاک ڈائون کے احکامات پر پاک فوج اور پولیس کیساتھ ملکر ضلع بھر میں عملدرآمد کو سو فیصد یقینی بنایا جا رہا ہے ۔ شہریوں سے اپیل ہے کہ وہ حکومتی احکامات پر عمل کرتے ہوئے گھروں میں رہیں اور احتیاطی تدابیر اپنائیں کیونکہ ہم سب نے ملکر کورونا کے خلاف جاری جنگ کو جیتنا ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ کورونا وائرس سے نمٹنے کیلئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لا رہی ہے اور شہری بھی اپنا کردار ادا کریں ۔ڈپٹی کمشنر قصور نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ شہر میں صفائی ستھرائی کے بہترین انتظامات کو یقینی بنایا جائے ۔انہوں نے اسٹیل باغ چوک اور گرین بیلٹ پر پھولدار اور خوبصورت پودے لگانے کی ہدایت کی ۔ ڈپٹی کمشنر نے ماڈل بازار کا بھی دورہ کیا اور وہاں پر صفائی ستھرائی سمیت دیگر تمام سہولیات کا جائزہ لیا ۔ بعدازاں ڈپٹی کمشنر منظر جاوید علی نے ڈی ایچ کیو ہسپتال کا بھی دورہ کیااور صفائی ستھرائی اور مریضوں کو دی جانیوالی طبی سہولیات کا جائزہ لیا ۔

قصور میں شائع ہونے والی مزید خبریں