فاطمہ قتل کیس،ملزم اسد شاہ کے جسمانی ریمانڈ میں 3 روز کی توسیع کر دی گئی

عدالت نے ملزم کو پولیس کے حوالے کر دیا،آپ بے قصور ہیں تو موبائل فونز پر لگے پن کوڈ پولیس کو بتا دیں،جج کا اسد شاہ سے مکالمہ

Abdul Jabbar عبدالجبار ہفتہ 26 اگست 2023 14:47

فاطمہ قتل کیس،ملزم اسد شاہ کے جسمانی ریمانڈ میں 3 روز کی توسیع کر دی گئی
خیر پور (اردو پوائنٹ،اخبارتازہ ترین ۔ 26 اگست 2023ء) فاطمہ قتل کیس،ملزم اسد شاہ کے جسمانی ریمانڈ میں توسیع کر دی گئی۔ تفصیلات کے مطابق خیر پور کی عدالت میں گھریلو ملازمہ فاطمہ کو مبینہ تشدد کے بعد قتل کرنے سے متعلق کییس کی سماعت ہوئی،ملزم اسد شاہ کو جسمانی ریمانڈ مکمل ہونے پر عدالت میں پیش کیا گیا۔ انوسٹی گیشن افسر نے عدالت میں بتایا کہ ملزم سے برآمد موبائل فونز پر سکیورٹی پن کوڈ لگا ہوا ہے۔

اسد شاہ موبائل فونز پر لگے سکیورٹی پن کوڈ کو بتانے کو تیار نہیں،ملزم کیس کی تحقیقات میں تعاون نہں کر رہا۔ جج نے ملزم سے مکالمہ کیا کہ آپ بے قصور ہیں تو موبائل فونز پر لگے پن کوڈ پولیس کو بتا دیں۔ بعد ازاں عدالت نے ملزم اسد شاہ کے جسمانی ریمانڈ میں 3 روز کی توسیع کرتے ہوئے اسے پولیس کے حوالے کر دیا۔

(جاری ہے)

یاد رہے کہ گھریلو ملازمہ فاطمہ قتل کیس سست روی کا شکار ہونے لگا ہے،نامزد مرکزی ملزمہ حنا شاہ کی گرفتاری پر پولیس خاموش تماشائی بن گئی،حنا شاہ کے والد اور گرفتار مرکزی ملزم اسد شاہ کے سسر فیاض شاہ کو مقدمے میں نامزد نہ کیا جا سکا۔

فیاض شاہ کا نام مقدمے میں نامزد کرنے کیلئے فاطمہ کی والدہ نے درخواست دی ہوئی ہے۔ ذرائع کے مطابق پولیس فیاض شاہ اور اس کے ساتھ 5 افراد کے ڈی این اے لینے میں بھی ناکام ہو گئی،فیاض شاہ اور اس کے لوگ رانی پور چھوڑ کر چلے گئے ہیں۔ جبکہ رانی پور میں مبینہ تشدد سے جاں بحق ہونے والی گھریلو ملازمہ فاطمہ کی والدہ نے بیان دیا تھا کہ میں نے اپنی بیٹی کو بطورِ خادمہ پیر فیاض شاہ کے پاس چھوڑا تھا۔ فیاض شاہ نے فاطمہ کو اپنی بیٹی سونیا شاہ کے حوالے کیا۔ خاتون کے مطابق فاطمہ کے قتل میں فیاض شاہ بھی ملوث ہے،اب وہی پیر ہمیں دھمکیاں دے رہا ہے۔

خیرپور میں شائع ہونے والی مزید خبریں