خاران، ڈپٹی کمشنر منیر احمد سومرو کے زیر صدارت امن و امان کے حوالے سے اجلاس

بدھ 3 اپریل 2024 19:51

خاران (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 03 اپریل2024ء) ڈپٹی کمشنر منیر احمد سومرو کے زیر صدارت امن و امان کے حوالے سے اہم اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس میں چیئرمین میونسپل کمیٹی میر نورالدین نوشیروانی، چیف آفیسر میونسپل کمیٹی عزت اللہ محمد حسنی ، ڈی ایس پی قادر بخش زہری ، مسلم لیگ ن کے رہنما میر محمود جان نوشیروانی ، مولانا عظمت اللہ انقلابی ، قاری نعمت اللہ حبیبی، نائب صدر بازار پنچایت حاجی عبدالغفار مسکانزئی اور پولیس ، لیویز فورس کے آفیسران سمیت سیاسی ، مذہبی اور قبائلی شخصیات موجود تھے۔

اجلاس میں ضلع خاران میں امن و امان کی بہتری کے لیے تفصیلی تبادلہ خیال ہوا اور تمام معزز شرکاء نے اپنے اپنے تجاویز پیش کیے۔اجلاس میں امن و امان سمیت دیگر اہم مسائل بھی زیر بحث رہے۔

(جاری ہے)

ڈپٹی کمشنر خاران نے اس موقع پر کہا کہ شہر میں امن و امان کی بہتری کے لیے پولیس فورس کو مزید مستعدی کے ساتھ فرائض نبھانے کی تاکید کرنے کے ساتھ ساتھ لیویز فورس کو بھی سٹی اے ایریا میں پٹرولنگ، سنیپ چیکنگ کے احکامات جاری کیے ہیں جو کہ روزانہ کی بنیاد پر پولیس فورس کے ہمراہ مشترکہ طور پر امن و امان کی بحالی اور جرائم پیشہ افراد کی سرکوبی کے لیے اپنی خدمات انجام دے گا۔

اجلاس میں رات کے وقت چوکیدار کی تعیناتی پر متفقہ فیصلہ کیا گیا۔ڈپٹی کمشنر خاران نے اجلاس کے تمام شرکاء سے ضلعی انتظامیہ اور پولیس کے ساتھ تعاون کرنے کی گزارش کرتے ہوئے کہا کہ لوگوں کی جان و مال کی تحفظ ہمارا فرض ہے اور جرائم پیشہ افراد کو نشان عبرت بنانے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائیں گے۔

خاران میں شائع ہونے والی مزید خبریں