کھاریاں،راہزنی کی واردات کرنیوالا ڈکیت "افتخار عرف دھونا" پولیس مقابلہ کے بعد زخمی حالت میں گرفتار

بدھ 26 مئی 2021 21:46

کھاریاں(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 مئی2021ء) تھانہ صدر سرائے عالمگیر کے علاقہ میں راہزنی کی واردات کرنے والا ڈکیت "افتخار عرف دھونا" پولیس مقابلہ کے بعد زخمی حالت میں گرفتار کرلیاگیا۔تفصیلات کے مطابق موضع ڈھل کے رہائشی نزاکت علی نے بذریعہ 15پولیس کو اطلوع دی کہ وہ نجی کام کے سلسلہ میں منڈی بہاوالدین گیا ہوا تھا جہاں سے واپسی پر جب وہ کھوہار اور بھلوال غربی کے درمیانی علاقے میں پہنچا تو تین نامعلوم مسلح افراد نے اسلحہ کے زور پر اسے روک لیا اوراس سے موٹر سائیکل، نقدی چھین کر کھوہار کی جانب فرار ہوگئے ہیں۔

اطلاع موصول ہونے پر ایس ایچ او تھانہ صدر سرائے عالمگیر انسپکٹر لیاقت حسین، SIشبیر احمد اپنی ٹیم کی ہمراہ جائے واردات کی جانب روانہ ہوئے تو راستے میں تین موٹر سائیکل سواروں کو دیکھا جنہوں پولیس کو اپنی طرف آتا دیکھ کر گرفتاری سے بچنے کے لئیاندھادھند فائرنگ شروع کر دی۔

(جاری ہے)

جس پر پولیس ٹیم نے پوزیشنیں سنبھال لیں۔فائرنگ کا سلسلہ تھمنے پر علاقہ کا سرچ آپریشن کیا گیا تو قریب ہی سے ایک شخص زخمی حالت میں ملا،جس کی شناخت افتخار احمد عرف دھونا ولد خادم حسین سکنہ کھوہار کے نام سے ہوئی۔

جو اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے زخمی ہو چکا تھا، جسے پولیس نے گرفتار کر لیااور علاج معالجہ کے ہسپتال منتقل کیا،جس کے دو ساتھی اندھیرے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے روپوش ہوگئے۔ ڈی ایس پی سرائے عالمگیر سعید احمد بھی وقوعہ کی اطلاع موصول ہونے پر موقعہ پر پہنچے جبکہ فرار ہونے والے ملزمان کی گرفتاری کے لیے علاقے کی ناکہ بندی کروا کر سرچ آپریشن کیا جا رہا ہے۔گرفتار ہونے والیملزم کے قبضہ سے ایک لوڈڈ پسٹل 30بوراور واردات میں چھینا گیا موٹر سائیکل، نقدی، بٹوا، موبائل فون اور شناختی کارڈ برآمد کر لیا گیا۔پڑتال ریکارڈ پر گرفتار ہونے والا ملزم سابقہ ریکارڈ یافتہ بھی نکلا جس پر اقدام قتل، ڈکیتی ، چوری اور ناجائز اسلحہ کے مقدمات درج ہیں۔

کھاریاں میں شائع ہونے والی مزید خبریں