خضدار شہر آبادی کے لحاظ سے وسیع ہوتا جارہاہے ، جہاں لوگوں کی ضرورتیں بڑھ رہی ہیں اس حوالے سے شہریوں کے مسائل کے حل کے لئے دستیاب وسائل کے اندررہتے ہوئے انہیں حل کرنے کے لئے اقدامات کیئے جارہے ہیں ،میر یونس عزیز زہری

بدھ 27 جنوری 2021 00:05

خضدار(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 جنوری2021ء) رکن بلوچستان اسمبلی میر یونس عزیز زہری کی ڈپٹی کمشنر خضدار محمد ولی بڑیچ سے ملاقات ، شہری مسائل ، عوامی مسائل پر غور و خوض کیا گیا ، اور متفقہ لائحہ عمل کے تحت شہر کے مسائل کو حل کرنے پر اتفاق کیا گیا ۔ اس موقع پر چیف آفیسر میونسپل کارپوریشن خضدار نذر خان زہری ،انجینئر ہدایت اللہ زہری بھی موجود تھے ۔

جمعیت علمائے اسلام کے مرکزی رہنماء ورکن بلوچستان اسمبلی میر یونس عزیز زہری کا کہنا تھا کہ خضدار شہر آبادی کے لحاظ سے وسیع ہوتا جارہاہے ، جہاں لوگوں کی ضرورتیں بڑھ رہی ہیں اس حوالے سے شہریوں کے مسائل کے حل کے لئے دستیاب وسائل کے اندررہتے ہوئے انہیں حل کرنے کے لئے اقدامات کیئے جارہے ہیں ، تعلیم ، صحت اور پینے کے صاف پانی کی فراہمی عوام کا بنیادی حق ہے ان ضرورتوں کے لئے ہرممکن اقدامات کیئے جائیں گے ، انہوںنے کہاکہ رواں سال بجٹ میں کمی کے باعث ہماری مشکلات میں اضافہ ہوا تاہم اس کے باوجود عوام کے مسائل کے حل کے لئے اپنی کوششیں جاری رکھے ہوئے ہیں ، بجلی کا مسئلہ بھی ایک گھمبیر صورتحال اختیار کر گئی ہے فیڈرز کی کمی ہے ، اس مسئلے کے حل کے لئے بھی ہم سنجیدگی سے غور کررہے ہیں تاکہ فیڈرز کی کمی کا مسئلہ حل ہو اور شہریوں کو برابر بجلی مل سکے ، خضدار انتظامیہ اور میونسپل کارپوریشن انتظامیہ مل کر شہریوں کی بہتری اور ان کے مسائل کے حل کے لئے اقدامات عمل میں لائیں گے ۔

(جاری ہے)

ڈپٹی کمشنر خضدار محمد ولی بڑیچ کا کہنا تھاکہ ضلعی انتظامیہ شہریوں کے مسائل کے حل کے لئے اپنی خدمات احسن انداز میں سرانجام دے رہی ہے ، شہر میں مسائل کے حل کے لئے تمام تر کوششیں بروئے کار لائے جارہے ہیں ، اس سلسلے میں تمام طبقات کے تعاون کی بھی ضرورت ہے ان کے تجاویز اور ان کے مشاورت کی روشنی میں ہی ہم شہری مسائل کے حل میں کامیابی حاصل کرکے آگے قدم بڑھاتے رہیں گے ۔ اس موقع پر چیف آفیسر نذر خان زہری اور انجینئر ہدایت اللہ زہری نے انہیں شہر میں حالیہ دنوں میں میونسپل کارپوریشن کی جانب سے کیئے گئے اقدامات کے بارے میں بھی آگاہی دی ۔

خضدار میں شائع ہونے والی مزید خبریں