باڑہ میں مقیم رُستم خان کے گھر کو مخالفین نے آگ لگا کر مسمار کر دیا

متاثرہ شخص نے باڑہ پریس کلب میں پریس کانفرنس کے دوران بتایا کہ پولیس ایف آئی آر درج کرنے سے انکاری ہو گئی

Muhammad Irfan محمد عرفان پیر 2 ستمبر 2019 18:29

باڑہ میں مقیم رُستم خان کے گھر کو مخالفین نے آگ لگا کر مسمار کر دیا
خیبر تحصیل باڑہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین،2 ستمبر، 2019ء، نمائندہ خصوصی،حُسین آفریدی) باڑہ میں مقیم رُستم خان کے گھر کو مخالفین نے آگ لگا کر مسمار کر دیا۔ متاثرہ شخص نے باڑہ پریس کلب میں پریس کانفرنس کے دوران بتایا کہ پولیس ایف آئی آر درج کرنے سے انکاری ہو گئی۔ آج باڑہ پریس کلب میں رستم خان، ولید احمد اور جواد حسین کندے شاھی خیل قبیلہ سپاہ نے ایک ہنگامی پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا کہ اُن کی زمین کے تنازعے کا کیس عدالت میں زیر التواء ہے لیکن مخالفین نے میرے گھر کو اگ لگا کر مسمار کردیا۔

پولیس ایف آئی آر درج نہیں کر رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میرے مخالفین ادریس، حاجی رحیم، جندول اور نصراللہ وغیرہ کندے سلور پلارے قبیلہ سپاہ کی قیادت میں تقریبا 200 افراد نے ہمارے گھر پر لشکر کشی کرکے چادر اور چاردیواری کے تقدس کو پامال کیا۔

(جاری ہے)

میری غیر موجودگی میں ہمارے خواتین کو بے عزت کرکے گھر سے نکالا گیا۔ کمروں کو آگ لگا کر سارے گھر کو مسمار کیا اور لا کھوں روپے کا نقصان کرکے میرے بچوں سے چھت چھین لی۔

انہوں نے مزید کہا کہ مذکورہ متنازعہ جائیداد کا کیس کورٹ میں چل رہا ہے۔ عدالتی فیصلے کا انتظار کر رہے ہیں۔ لیکن مخالفین نے عدالتی احکامات کو پس پشت ڈال کر ہمارے ساتھ ناانصافی کی۔ رستم خان نے کہا تھانہ باڑہ میں ایف آئی آر درج کرنے گئے تو پولیس والے بھی لیت و لعل سے کام لے کر ہمیں ٹرخا رہے ہیں۔ انہوں نے آخر میں اعلی حکام سے اپیل کی کہ مذکورہ بالا افراد کو گرفتار کرکے قرار واقعی سزا دی جائے اور میرے نقصان کا ازالہ کیا جائے۔

متعلقہ عنوان :

خیبر ایجنسی میں شائع ہونے والی مزید خبریں