ش*کوہاٹ پولیس نے اندھے قتل کا سراغ لگاکر ملزم کو آلہ قتل سمیت گرفتار کرلیا

بدھ 21 اگست 2019 19:20

Eکوہاٹ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 21 اگست2019ء) کوہاٹ پولیس نے اندھے قتل کا سراغ لگاکر ملزم کو آلہ قتل سمیت گرفتار کرلیا ہے ۔اندھے قتل کا یہ واقعہ کوہاٹ بنوں روڈ کے علاقہ درے وال بانڈہ میں عید الاضحی کی رات کو پیش آیا تھا جہاں ادھیڑ عمر شخص محمد اسلم کو فائرنگ کرکے موت کے گھاٹ اتار دیا گیا تھا ۔مقامی پولیس نے تفتیش کے جدید طرز عمل سے استفادہ کرکے واردات میں ملوث ملزم کو بے نقاب کرلیا ہے ۔

ایس ایچ او تھانہ محمد ریاض شہید سب انسپکٹر آیت اللہ خان نے اندھے قتل کے اس واقعے کی اصل حقائق سے متعلق بتایا کہ عید الاضحی کی رات کو درے وال بانڈہ کی باغات میں مقامی باشندے محمد اسلم ولد میر اکبر کو فائرنگ کرکے قتل کیا گیا اور لاش موقع پر چھوڑ کر ملزم فوری طور پر جائے وقوعہ سے فرار ہوگیا ۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ مقتول کی لاش اگلے صبح ملنے کے بعد جائے وقوعہ سے پوسٹ مارٹم کیلئے ہسپتال منتقل کردی گئی اور واقعے کا مقدمہ مقتول کے چچا زاد کی مدعیت میں نامعلوم افراد کے خلاف درج کرلیا گیا ۔

ایس ایچ او نے بتایا کہ ڈی پی او کوہاٹ کیپٹن(ر)واحد محمودنے اندھے قتل کے اس واقعے میں ملوث ملزمان کو بے نقاب کرنے کی ہدایات جاری کرتے ہوئے اے ایس پی صدر محمد نبیل کھوکھر کی سربراہی میں سراغ رساں ٹیم تشکیل دی ۔ایس ایچ او آیت اللہ نے بتایاکہ قتل کی اس واردات کو چیلنج کے طور پر قبول کرتے ہوئے انہوں نے انوسٹی گیشن انچارج محمد رضوان کے ہمراہ تفتیش کا آغاز کردیا اور جائے وقوعہ سے اہم شواہد قبضے میں لیکر معاملے کی چھان بین شروع کردی ۔

انہوں نے کہا کہ اس دوران تفتیش کے جدید طریقہ کار سے استفادہ کرتے ہوئے انہوں نے مقتول کا موبائل فون ڈیٹا حاصل کرلیا جسکے ذریعے وہ قتل کے واقعے میں ملوث ملزم تک پہنچنے میں کامیاب ہوئے اورپولیس نفری کے ہمراہ کامیاب چھاپہ مار کاروائی میں انہوں نے ملزم لائق خان ولد اسلام الدین سکنہ علی خیل ضلع اورکزئی حال درے وال بانڈہ کو گرفتار کرکے اسکی نشاندہی پر آلہ قتل پستول جو واردات کے بعد ملزم نے زیر زمین چھپا رکھی تھی برآمد کرکے قبضے میں لے لی ہے ۔

ایس ایچ او نے کہاکہ ملزم نے ابتدائی پوچھ گچھ کے دوران اعتراف جرم کرتے ہوئے بتایا ہے کہ مقتول اسے بدفعلی جیسے گناہ میں شریک ہونے کیلئے اکساتا رہتا تھا اور کئی بار انکار کے بعد بھی جب وہ اپنی حرکتوں سے باز نہ آیا تو اس دفعہ ملزم نے اسے ٹھکانے لگانے کا پورا پلان بنالیا تھا اور مقتول کو بدفعلی کیلئے باغات میں بلاکر پستول کے ذریعے فائرنگ کرکے اسے ابدی نیند سلا دیا۔

ایس ایچ او آیت اللہ کے مطابق اندھے قتل کی اس واردات کا سراغ لگاتے ہوئے پولیس اصل مجرم کو پکڑ نے میں کامیاب ہوئی ہے جسے مقدمے میں نامزد کرکے مزید پوچھ گچھ کیلئے تفتیشی ٹیم کے حوالے کردیاگیا ہے۔ ایس ایچ او نے بتایا کہ ملزم کا عدالت سے جسمانی ریمانڈ حاصل کرلیا گیا ہے اور اسکے خلاف مزید قانونی کارروائی شروع کردی گئی ہے جسے اسکی جرم کی سزا دلانے کیلئے انصاف کے کٹہرے میں لاکھڑا کیا گیا ہے۔

کوہاٹ میں شائع ہونے والی مزید خبریں