کوہاٹ پولیس کی کارروائی ،کرک پولیس کو مطلوب دو اشتہاری مجرم اورسہولت کار سمیت تین بھائی گرفتار

ہفتہ 18 مارچ 2023 20:55

․ کوہاٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 مارچ2023ء) کوہاٹ پولیس نے باپ بیٹی کی بہیمانہ قتل و اقدام قتل کی واردات میں کرک پولیس کو مطلوب دو اشتہاری مجرموں اورسہولت کار سمیت تین بھائیوںکو گرفتار کرکے اسلحہ برآمد کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔پولیس کے مطابق ضلع کرک کے علاقہ سپینہ بانڈہ کے رہائشی اور سفاک اشتہاری مجرموں شمریز اور نیاز خان اللہ نے گزشتہ سال عطاء اللہ نامی شخص کو فائرنگ کرکے بے دردی سے قتل کردیا تھا جبکہ فائرنگ کی زدمیں آکر مقتول کی دو سالہ معصوم بچی نبیہہ شدید زخمی ہوگئی تھی جوکہ اب جسمانی طور پرمعذورہوچکی ہے۔

گزشتہ روز پولیس سٹیشن محمدریاض شہید کوہاٹ کے ایس ایچ او قسمت خان نے پولیس نفری کے ہمراہ خفیہ اطلاع پر نواحی علاقہ آمین آباد میں ایک گھر پر چھاپہ مارا جہاں دونوں اشتہاری مجرموں شمریز اور نیازخان اللہ کو پناہ دینے والے سہولت کار بھائی کاشف سہیل سمیت گرفتار کرلیا۔

(جاری ہے)

پولیس نے پکڑے گئے اشتہاریوں اور سہولت کار کے قبضے سے ایک کلاشنکوف، 3 پستول اور درجنوں کارتوس بھی برآمد کرلیے ہیں اور انکے خلاف غیر قانونی اسلحہ رکھنے اور سہولت کاری کے جرم میں ایک اور مقدمہ بھی تھانہ محمد ریاض شہید کوہاٹ میں درج کر لیا گیا ۔

زیرحراست اشتہاری مجرموں کے خلاف قتل و اقدام قتل کا مقدمہ تھانہ سٹی کرک میں درج ہے جنہیں مزید تفتیش اور قانونی کارروائی کیلئے کرک پولیس کے حوالے کیا جائے گا۔

کوہاٹ میں شائع ہونے والی مزید خبریں