کوہاٹ میں پولیس ریسکیو 15سروس دوبارہ بحال کردی گئی

پیر 25 مارچ 2019 23:54

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 مارچ2019ء) کوہاٹ میں پولیس ریسکیو 15سروس دوبارہ بحال کردی گئی ہے،کسی بھی ہنگامی صورتحال میں عوام کوپولیس کوئیک رسپانس اور فوری ریسکیو سروسز فراہم کرنے کیلئے سابقہ لوکیشن پر واقع ریسکیو 15سنٹر میں مطلوبہ معیار کے تمام انتظامات مکمل کرلئے گئے ہیں۔شہر کی موجودہ آبادی کے تناسب سے ریسکیو 15سنٹر میں اضافی ٹیلیفون نمبرات نصب کردئیے گئے ہیں جبکہ عوامی ضروریات اور ترجیحات کے پیش نظررائیڈر ز اور کوئیک و ریپڈ رسپانس موبائل سروسز بھی باالترتیب فعال کردی گئی ہیں۔

ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر کوہاٹ کیپٹن(ر)واحد محمود نے پرزور عوامی مطالبات اور وسیع تر شہری مفاد کے تناظر میں ضلع کوہاٹ میں ریسکیو 15سروس دوبارہ بحال کردی ہے ۔

(جاری ہے)

کسی بھی ہنگامی صورتحال میں بروقت پولیس امداد یقینی بنانے اور ون ونڈو آپریشن کے تحت شہریوں کو پولیس کی خدمات بہم فراہم کرنے کی خاطر ریسکیو 15سنٹر میں چار ٹیلیفون نمبرات0922-9260015، 0922-9260025، 0922-9260130اور ایمرجنسی نمبر 15نصب کرلئے گئے ہیں جس پر شہری کسی بھی وقت کسی بھی مسئلے کی صورت میں رابطہ کرسکتے ہیں۔

شہریوں کو فوری پولیس امداد فراہم کرنے کیلئے جدید آلات و مواصلاتی نظام سے لیس بہترین تربیت یافتہ پولیس اہلکاروں پر مشتمل رائیڈرز اور موبائل سکواڈ بھی ریسکیو 15سنٹر میں تعینات کردئیے گئے ہیں جو بلا کسی وقفہ چوبیس گھنٹے ڈیوٹی شفٹ کی طرز پر اپنی پیشہ ورانہ خدمات پر مامور ہونگے اور ضلع بھر کے کسی بھی مقام پرکوئی بھی واقعہ یا ایمرجنسی رونما ہونے کی صورت میں کوئیک رسپانس کے طور پر ریسکیو اور حفاظتی اقدامات کے فرائض انجام دینگے۔

پولیس ریسکیو 15کی رائیڈرز اور موبائل ٹیموں کو اندرون و بیرون شہر نگرانی کے فرائض بھی تفویض کردئیے گئے ہیںاور ریسکیو 15کے عملے کو تعلیمی اداروں اور دیگر حساس مقامات کی سیکیورٹی مانیٹرنگ کے علاوہ کائونٹر کرائمز خصوصاً سٹریٹ کرائمز کے انسداد پر خصوصی توجہ مرکوز رکھنے کے فرائض سونپ دئیے گئے ہیں۔ضلعی پولیس سربراہ کیپٹن(ر)واحد محمود نے اس سلسلے میں عوام سے بھی تعاون کی اپیل کرتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ شہری صرف ایمرجنسی کی صورت میں ریسکیو 15کے ٹیلیفون نمبرات پر کال کرکے ان سروسز سے بھر پور استفادہ حاصل کریں گے،مشکوک ومجرمانہ سرگرمیوں کی نشاندہی میں اپنا بھر پور کردار ادا کرکے پولیس کیساتھ تعاون یقینی بنائیں گے اور بلا وجہ ریسکیو 15کے ٹیلیفون نمبرز پر کال کرکے مصروف کرنے سے گریز کریں گے ۔

متعلقہ عنوان :

کوہاٹ میں شائع ہونے والی مزید خبریں