کرک ،کلاس فور کی خالی آسامیوں پرغیرمتعلقہ افرادکی تقرری و تعیناتی پرتنازعہ نے شدت اختیار کرلی

پیشتراراضی مالکان نے مبینہ غیرقانونی تقرریوں کیخلاف احتجاجاً تحصیل تحت نصرتی میں تین سرکاری سکولوں کوتالے لگاکر تدریسی عمل روک دیا

جمعہ 20 ستمبر 2019 19:15

کوہاٹ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 ستمبر2019ء) محکمہ تعلیم ضلع کرک میں کلاس فور کی خالی آسامیوں پرغیرمتعلقہ افرادکی تقرری و تعیناتی پرتنازعہ نے شدت اختیار کرلی اور پیشتراراضی مالکان نے مبینہ غیرقانونی تقرریوں کے خلاف احتجاجاً تحصیل تحت نصرتی میں واقع کم از کم تین سرکاری سکولوں کوتالے لگاکر تدریسی عمل روک دیاہے۔مقامی میڈیا کے حوالے سے یہاں موصولہ اطلاعات کے مطابق گزشتہ ایک ہفتہ کے دوران محکمہ تعلیم (مردانہ و زنانہ) کرک نے 80 سے زائد کلاس فور ملازمین کی تقرریاں و تعیناتیاں کی ہیں جن میں مبینہ طورپربعض ملازمین سیاسی اثرورسوخ اور بھاری رشوت جبکہ بعض من پسند افراد اقربا پروری کی بنیادوں پر بھرتی کئے گئے ہیں۔

گزشتہ روزتحصیل تحت نصرتی کی یونین کونسل ورانہ کی حدودمیں واقع گورنمنٹ ہائی سکول پلوسکی بانڈہ کی عمارت کو اراضی مالکان نے اس وجہ سے احتجاج کرتے ہوئے تالے لگادیئے کہ محکمہ تعلیم کے متعلقہ حکام نے اٴْن کے حق پرڈاکہ ڈال کر کلاس فور کی دوخالی آسامیوں پر اپنے ایک رشتہ دار اور دوسرے سے بھاری رشوت لے کر بھرتی کی۔

(جاری ہے)

جمعہ کے روزتاخیر سے موصولہ اطلاعات کے مطابق گورنمنٹ گرلز ہائی سکول جہانگیری بانڈہ کی عمارت کے مرکزی گیٹ کو علی الصبح اراضی مالکان نے تالالگاکر اساتذہ اور طلبہ کوسکول کے اندر داخل ہونے سے روک دیا ۔

اسی طرح ایک اور اطلاع کے مطابق ٹوپی کلے میں بھی اراضی مالکان نے گورنمنٹ مڈل سکول ٹوپی کلہ کی عمارت کو تالے لگا دیئے گئے ہیں۔فوری طورپر معلوم نہیں ہوسکا کہ آیا ان سکولوں کی بلڈنگز کے لئے اراضی ان افراد نے مفت فراہم کی تھی جس کے عوض مالکان کلاس فور کی خالی آسامیوں پر تعیناتی اپنا حق سمجھتے ہیں تاہم ان اراضی مالکان نے الزام لگایا ہے کہ محکمہ تعلیم کے مقامی حکام نے سیاسی اور مبینہ طورپر بھاری رشوت لے کر کلاس فورکی خالی آسامیوں پر دیگر غیرمتعلقہ افراد کو تعینات کیا ہے جبکہ بعض نے الزام لگایا ہے کہ حکام نے اقربا پروری کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنے رشتہ داروں کو اٴْن کے سکولوں پر تعینات کردیا ہے جن کے خلاف اٴْنہوں نے احتجاج کرتے ہوئے تین سکولوں کو تالے لگادیئے ہیں۔

کلاس فور ملازمین کی تقرری کے معاملے پر دفتری اوقات ختم ہونے کی وجہ سے محکمہ تعلیم کرک کے مقامی حکام سے رابطہ نہ ہوسکا۔

متعلقہ عنوان :

کوہاٹ میں شائع ہونے والی مزید خبریں