کریلوی خاندان کے خلاف جس نے آواز بلند کی اُس کا بُرا حال کیا گیا،

میرے سمیت درجنوں افراد کیخلاف مقدمہ درج اس لیے کیا گیامیں نے کریلوی خاندان کی کرپشن بے نقاب کی ،27اگست کو ہماری پرامن ریلی پر پولیس نے حملہ کیا اور پرچہ بھی ہم پر ہی درج کرلیا،پی ٹی آئی رہنما ،سابق اُمیدوار اسمبلی نکیال سردار نعیم آرزو

جمعرات 13 ستمبر 2018 17:42

کوٹلی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 ستمبر2018ء) پاکستان تحریک انصاف کشمیرکے رہنما ،سابق اُمیدوار اسمبلی نکیال سردار نعیم آرزو نے کہا ہے کہ کریلوی خاندان کے خلاف جس نے آواز بلند کی اُس کا بُرا حال کیا گیا،میرے سمیت درجنوں افراد کے خلاف مقدمہ کا اندراج اس لیے کیا گیا کیونکہ میں نے کریلوی خاندان کی کرپشن بے نقاب کی ہے۔27اگست کو ہماری پرامن ریلی پر پولیس نے حملہ کیا اور اُلٹا پرچہ بھی ہم پر ہی درج کرلیا، ہماری ریلی پر حملہ آور ہونے والے پولیس اہلکاران کو وزیر حکومت فاروق سکندر اور سردار نعیم خان نے شاباش دی جس کے ویڈیو ثبوت ہمارے پاس موجود ہیں۔

سردار سکندر حیات خان اب پی ٹی آئی میں شمولیت کے لیے پر تول رہے ہیں ،شوق سے آئیں اُنھیں قبول کیا جائے گا یا نہیں اس کا فیصلہ پارٹی قیادت کرے تاہم ایک بات بتا دینا چاہتا ہوں میری جنگ ظالموں کے خلاف ہے اور تادم مرگ جاری رہے گی۔

(جاری ہے)

17ستمبر کو نکیال سے 50 ساتھیوں کے ساتھ اسلام آباد کی طرف پیدل مارچ کروں گا اور جب تک کریلوی خاندان کے خلاف احتساب نہیں ہوجاتا وفاقی دارلحکومت سے واپس نہیںلوٹوں گا۔

ان خیالات کا اظہار اُنھوں نے ڈسٹرکٹ پریس کلب کوٹلی میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر سابق ممبر کشمیر کونسل چوہدری محبوب، تحریک انصاف آزادکشمیر کے ترجمان خواجہ عطا محی الدین قادری،چوہدری ساجد ایڈووکیٹ،ڈاکٹر نعیم اصغرسمیت پی ٹی آئی کے دیگر اہم قائدین بھی موجود تھے۔اُن کا کہنا تھا کہ نکیال کے حالات سے اندازہ ہوتا ہے کہ یہ علاقہ ریاست کشمیر کا حصہ نہیں، کریلوی خاندان کیلئے اور دیگر لوگوں کیلئے اورقانون کیوں قبضہ مافیا کے سرغنہ،سرکاری زمینوں پر قبضہ کر کے مارکیٹیں بنانے والوں اور عدالتوں کو آگ لگانے والے کریلوی خاندان پر ملکی قانون کیوں لاگو نہیں ہو رہا ۔

ہمیں ان سوالوں کے جواب چاہیے جو ہم لیکر ہی رہیں گے۔ سردار نعیم آرزو کا کہنا تھا کہ نکیال کی70فیصد زمین کریلوی خاندان کے پاس ہے، کوئی ان سے پوچھے ایسی کونسی محنت مزدوری کی ہے آپ نے کہ آپ کے خاندان قبیلے کے لوگ اتنے مالدار ہوگئے کہ پون نکیال خرید لیا۔ لوگ سب جانتے ہیں مگر بولتے نہیں کیونکہ جو بھی بولے گا اُسے بھیانک خمیازہ بھگتنا پڑے گا۔

بہت سی مثالیں میرے سا منے موجود ہیں جن کو کریلوی خاندان نے اپنے خلاف آواز بلند کرنے پر نشان عبرت بنا دیا۔ سردار نعیم آرزو کا کہنا تھا کہ سردار سکندر حیات کسی کے بھی نہیں ہیں ، جس سردار عبدالقیوم نے اُنھیں وزیر بنایا موصوف نے اُس کے ساتھ کیا حشر کیا، میاں نواز شریف کے احسانوں کا بدلہ بدکلامی اور احسان فراموشی سے دیا، فاروق سکندر کو وزیر بنانے والے فاروق حیدر کی پیٹھ میں چھرا کھونپا، یہ شخص کسی بھی صورت اعتبار کے قابل نہیں ہے ،ہم ان کے تمام کرتوت پارٹی قیادت اور پوری دنیا کے سامنے بے نقاب کرینگے تاکہ آئندہ یہ کسی کا سہارا لیکر اپنے ظلم کا بازار گرم نہ رکھ سکے۔

اُن کا کہنا تھا کہ اللہ کی لاٹھی بے آواز ہے اور اب وہ لاٹھی کریلوی خاندان پر برس چکی ہے مگر آواز نہیں آرہی اسی لیے وہ غافل ہوکر اپنے ظلم جاری رکھے ہوئے ہیں ،بہت جلد سردار سکندر حیات سمیت تمام کرپٹ کردار اپنے اپنے انجام کو پہنچنے والے ہیں۔

کوٹلی میں شائع ہونے والی مزید خبریں