شہریوں کو کورونا وائرس کی دوسری لہر سے محفوظ بنانے کیلئے پوری طرح متحرک ہیں،راجہ طارق محمود

ایس او پیز پر سختی سے عملدرآمد کا آغاز کر دیا گیا ہے،ایجوکیشن سیکٹر میں ایس او پیز پر 100فیصد عمل کیا جا رہا ہے ، سب ڈویژنل مجسٹریٹ کوٹلی

بدھ 14 اکتوبر 2020 17:29

کوٹلی /سلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 اکتوبر2020ء) سب ڈویڑنل مجسٹریٹ کوٹلی راجہ طارق محمود نے کہا ہے کہ شہریوں کو کورونا وائرس کی دوسری لہر سے محفوظ بنانے کیلئے پوری طرح متحرک ہیں،ایس او پیز پر سختی سے عملدرآمد کا آغاز کر دیا گیا ہے،ایجوکیشن سیکٹر میں ایس او پیز پر 100فیصد عمل کیا جا رہا ہے جبکہ دیگر شعبوں کے افراد کو وباء سے محفوظ رکھنے کیلئے کمیٹیاں کام کر رہی ہیں، عوام کے تعاون سے وباء کو شکست دی جائے گی۔

بدھ کو یہاں صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے راجہ طارق محمود نے کہا کہ کورونا وائرس کی دوسری لہر شدید ہو سکتی ہے ،عوام کو وباء سے محفوظ رکھنے کیلئے پوری طرح متحرک ہیں اور تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں، عوام ،پولیس، انتظامیہ اور محکمہ صحت کا مکمل ساتھ دیں تا کہ معاشی، جانی اور تعلیمی نقصان سے بچا جا سکے۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ تعلیمی اداروں، میرج ہال،عوامی مقامات، پبلک ٹرانسپورٹ، ریسٹورنٹس، مویشی منڈیوں، شاپنگ سنٹرز، دینی و سیاسی اجتماعات اور سرکاری و پرائیویٹ ہسپتالوں پر بھرپور توجہ دی جا رہی ہے اور مذکورہ تمام شعبوں میں کمیٹیاں تشکیل دی گئی ہیں جو وباء سے بچائو کیلئے وضع کردہ ایس او پیز پر عملدرآمد کروا رہی ہیں۔

راجہ طارق نے بتایا کہ ایجوکیشن سیکٹر پر سب سے زیادہ توجہ ہے تا کہ طلباء کے تعلیمی نقصان کو بچایا جا سکے، عوام کو موذی وباء کے خطرات سے آگاہ کرنے کیلئے باضابطہ مہم بھیجاری ہے جو شہروں سے لے کر دیہاتوں تک چلائی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مشتبہ مریضوں کے ٹیسٹ بھی کئے جا رہے ہیں ابھی تک سب ڈویڑن کوٹلی میں صرف 9افراد کورونا پازیٹو ہیں جن کے کنٹیکٹ ٹریس کئے گئے اور وائرس کے شکار افراد سے میل جول رکھنے والوں کے ٹیسٹ کئے گئے جو منفی آئے ہیں۔ انہوں نے کا کہ آزاد کشمیر میں عوامی تعاون سے موذی وباء کو ایک بار پھر شکست دینے کیلئے کمر کس لی ہے اور جلد خطے کو وباء سے پاک کر دیں گے۔

کوٹلی میں شائع ہونے والی مزید خبریں