چین پاکستان کا قابل فخر دوست ہے جس نے ہر قسم کے حالات میں پاکستان کا ساتھ دیا‘سردار مسعود خان

۔ چین پاکستان اقتصادی راہداری کے تحت بجلی پیدا کرنے کے منصوبوں کی تکمیل سے جہاں قومی سطح پر توانائی کے بحران پر قابو پانے میں مدد ملے گی وہاں آزادکشمیر کے لوگوں کی معاشی زندگی میں بھی نمایاں تبدیلی آئے گی‘صدر آزاد کشمیر

جمعہ 26 مارچ 2021 16:06

چین پاکستان کا قابل فخر دوست ہے جس نے ہر قسم کے حالات میں پاکستان کا ساتھ دیا‘سردار مسعود خان
کوٹلی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 مارچ2021ء) صدر آزاد جموں وکشمیر سردار مسعود خان نے کہا ہے کہ چین پاکستان کا قابل فخر دوست ہے جس نے ہر قسم کے حالات میں پاکستان کا ساتھ دیا ہے۔ چین پاکستان اقتصادی راہداری کے تحت بجلی پیدا کرنے کے منصوبوں کی تکمیل سے جہاں قومی سطح پر توانائی کے بحران پر قابو پانے میں مدد ملے گی وہاں آزادکشمیر کے لوگوں کی معاشی زندگی میں بھی نمایاں تبدیلی آئے گی۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے کروٹ ہولاڑ کے مقام پر چین پاکستان اقتصادی راہداری منصوبے کے تحت زیر تکمیل ہائیڈرو پاور جنریشن منصوبے کے بارے میں چائنہ تھری گارجز جنوب ایشیائی انوسٹمنٹ پرائیویٹ لمیٹڈ کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر کی طرف سے دی گئی ایک بریفنگ کے بعد اظہار خیال کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

چین پاکستان اقتصادی راہداری منصوبے کو پاکستان کی معاشی ترقی کے لئے اہم منصوبہ قرار دیتے ہوئے صدر آزادکشمیر نے کہا کہ اس منصوبے سے جہاں پاکستان اور آزادکشمیر کے انفراسٹرکچر کی تعمیر میں مدد ملے گی وہاں ملک کی معیشت پر بھی نمایاں مثبت تبدیلی آئے گی اور عوام کا معیار زندگی بلند ہو گا۔

انہوں نے کہا کہ 720میگا واٹ جنریشن کی صلاحیت کے حامل کروٹ ہائیڈرو پاور جنریشن منصوبے کی تکمیل سے مقامی لوگوں کو روزگار مل رہا ہے اور اگلے سال کے اوائل میں اس منصوبے کی تکمیل سے بیس لاکھ سے زیادہ گھرانوں کو بجلی کی سہولت میسر آئے گی جس سے ملک میں توانائی کی کمی پر قابو پانے میں مدد ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ سی پیک منصوبہ کے تحت آزادکشمیر میں دیگر ایسے ہی منصوبوں کی تکمیل سے آزادکشمیر میں معاشی سرگرمیوں کو فروغ ملے گا اور پڑھے لکھے ہنر مند نوجوانوں کو مقامی سطح باعزت روزگار حاصل کرنے میں بھی مدد ملے گی۔

قبل ازیں صدر سردار مسعود خان کروٹ منصوبے کے دورے پر جب ہولاڑ پہنچے تو چائنہ تھری گارجز جنوبی ایشیائی انوسٹمنٹ پرائیویٹ لمیٹڈ کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر یائوفی ینگ، کمپنی کے ڈپٹی چیف ایگزیکٹیو آفیسر، جنرل منیجر انوائرمنٹ اینڈ سوشل سیفٹی اور منیجر ایڈمنسٹریشن سمیت دیگر چینی حکام نے اُن کااستقبال کیا اور کروٹ منصوبے کے حوالے سے انہیں بریفنگ دی۔

بریفنگ میں صدر آزادکشمیر کو بتایا گیا کہ 3.2بلین یونٹس بجلی پیدا کرنے کی صلاحیت والے اس منصوبے کی تکمیل اگلے سال ہو جائے گی جس سے صاف اور سستی بجلی پیدا ہو گی جو دو ملین گھرانوں کی ضروریات کو پورا کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ اس منصوبے کی تکمیل کیلئے تین ہزار افراد کام کر رہے ہیں جن میں ایک ہزار کا تعلق چین سے اور باقی افرادی قوت مقامی ہے۔ چینی کمپنی کے عہدیداران نے منصوبے کا دورہ کرنے پر صدر آزادکشمیر کا شکریہ ادا کیا جبکہ صدر ریاست نے منصوبے کے حوالے سے مفصل بریفنگ دینے پر چینی کمپنی کے آفیسران کا شکریہ ادا کیا۔ بعد ازاں صدر آزادکشمیر نے کروٹ منصوبے کے مختلف حصوں کا دورہ کیا اور تعمیراتی کام کا جائزہ لیا۔

کوٹلی میں شائع ہونے والی مزید خبریں