تحقیقاتی منصوبوں کی فنڈنگ کے لئے ورلڈ بینک کے نمائندے کا پنجاب یونیورسٹی کا دورہ

منگل 18 فروری 2020 21:19

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 فروری2020ء) عالمی بینک کے سینئر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی سپیشلسٹ گراہم مارک ہیرسن نے ہائیر ایجوکیشن کمیشن آف پاکستان کی ٹیم کے ساتھ پنجاب یونیورسٹی کو دورہ کیا ہے۔ دورے کا مقصد پنجاب یونیورسٹی کے ایسے تحقیقاتی منصوبوں کی فنڈنگ کرنا ہے جو قومی مسائل حل کرنے میں کردار ادا کر سکیں۔ ورلڈ بینک کے تعاون سے ہائر ایجوکیشن کمیشن آف پاکستان کے منصوبے گرینڈ چیلنج فنڈ کے سربراہ اطہر اسامہ اور دیگر افسران بھی وفد میں شامل تھے۔

وفد نے وائس چانسلر پنجاب یونیورسٹی پروفیسر نیاز احمد سے ان کے دفتر ملاقات کی جہاں وائس چانسلر نے پنجاب یونیورسٹی سے متعلق تفصیلی بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ پنجاب یونیورسٹی نے گرینڈ چیلنج فنڈ کے تحت رواں برس تریسٹھ تحقیقاتی منصوبوں کی فنڈنگ کے لئے درخواست دی ہے جو کہ ملک کی سماجی و معاشی ترقی میں اپنا کردار ادا کریں گے۔

(جاری ہے)

بعد ازاں وفد نے الرازی ہال میں اساتذہ سے ملاقاتیں کیں اور اساتذہ کے ساتھ سوال جواب کی تفصیلی نشست ہوئی۔

گراہم مارک ہیرسن نے اساتذہ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ورلڈ بینک ایسے تحقیقاتی منصوبوں کی فنڈنگ کر رہا ہے جو مقامی مسائل کو حل کرنے میں مددگار ہوں گے۔ بعد ازاں وفد نے مختلف شعبہ جات میں لیبارٹریوں کا دورہ کیا اور مختلف تحقیقاتی منصوبوں اور ان پر ہونے والے کام کو سراہا۔

لادھیوالا وڑائچ میں شائع ہونے والی مزید خبریں