مقبوضہ کشمیر، وادی اور جموں خطے کے علاقوں میںہڑتال کے باعث نظام زندگی مفلوج ، سرینگر، ترال ، کپواڑہ اور دیگر علاقوں میں دفعہ 35اے کے حق میں زبردست مظاہرے

جمعرات 30 اگست 2018 17:16

سری نگر ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 اگست2018ء) بھارتی آئین کی دفعہ 35۔ اے کو منسوخ کرنے کی بھارتیہ جنتا پارٹی کی ہندو انتہا پسند حکومت کے منصوبے کے خلاف جمعرات کے روز سے مقبوضہ کشمیر میں دو روزہ ہڑتال کا آغاز ہو گیا۔30اور 31اگست کو ہڑتال کی کال سید علی گیلانی ، میر واعظ عمر فاروق اور محمد یاسین ملک پر مشتمل مشترکہ حریت قیادت نے دی ہے۔

کشمیر میڈیاسروس کے مطابق مقبوضہ وادی کشمیر کے علاوہ جموں خطے کے علاقوں ڈوڈہ، بدھرواہ ، بانیہال ، ٹھاٹھری ، گندو ، کشتواڑ اور دیگر میں میں نظام زندگی معطل رہا ۔ دکانیں ، کاروباری مراکز بند رہے جبکہ سڑکوں پر ٹریفک معطل تھی ۔ قابض انتظامیہ نے بھارت مخالف مظاہرے روکنے کیلئے سرینگر کے مہاراج گنج، خانیار، رینہ واری ، نوہٹہ، صفاکدل ، مائسمہ اور کرال کھنڈ تھانوں کی حدود میں آنے والے علاقوں میں سخت پابندیاں عائد کر رکھی ہیں۔

(جاری ہے)

انتظامہ نے حریت فورم کے چیئرمین میر واعظ عمر فاروق کو سرینگر میں گھر میں نظر بند کر دیا ہے جبکہ کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین سید علی گیلانی پہلے سے گھر میں نظر بند ہیں۔ انتظامیہ نے مقبوضہ وادی میں چلنے والی ریل سروس بھی معطل کردی ہے۔بھارتی پولیس نے مقبوضہ وادی کے مختلف علاقوں سے ایک درجن سے زائد نوجوانوں کو گرفتار کر لیا۔

گرفتار کیے جانے والے کل جماعتی حریت کانفرنس کے دفتر کے باورچی محمد امین بھی شامل ہے ۔ بھارتی فوجیوں نے کولگام ، اسلام آباد، شوپیاں، پلوامہ، حاجن اور کپواڑہ میں محاصرے اور تلاشی کی پر تشدد کارروائیاں شروع کر دی ہیں ۔زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد کی ایک بڑی تعداد نے دفعہ 35اے کے حق میں سرینگر، ترال، ٹنگڈار، کپواڑہ ، پلوامہ اور دیگر علاقوں میں زبردست مظاہرے کیے ۔

ترال قصبے میں ہونے والے مظاہرے میں سکھ برادری کے افراد بھی شریک تھے۔بھارتی سپریم کورٹ دفعہ 35۔ اے کی منسوخی کے حوالے سے دائر ایک عرضداشت کی سماعت کل بروز جمعہ کو کرے گی۔ دفعہ 35۔ اے کے تحت کشمیر کے مستقل باشندوں کو خصوصی مراعات و حقوق حاصل ہے او ر یہ دفعہ غیر کشمیریوں کو جموںوکشمیر میں زمین اور دیگر جائیدا دکی خریداری سے روکتی ہے۔

لادھیوالا وڑائچ میں شائع ہونے والی مزید خبریں