وزیر زراعت نعمان لنگڑیال کے زراعت ہائوس لاہور میں کسان بورڈ پاکستان کے وفد سے کامیابمذاکرات

کاشتکاروں نے مذاکرات کے بعد احتجاج ختم کردیا ،کاشتکاروں کے مسائل کے ازالہ کیلئے ہر ممکن اقدام کیا جا رہا ہے‘وزیر زراعت

منگل 10 دسمبر 2019 00:21

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 دسمبر2019ء) کسانوں کے حقوق کا تحفظ ہماری اولین ترجیح ہے۔خود کسان ہونے کے ناطے مجھے کسانوں کے مسائل کا بخوبی علم ہے۔گنے کے کاشتکاروں کو پچھلے سیزن میں 180 روپے فی من کے حساب سے ریٹ دلوایا اور اس پورے کام کی نگرانی وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار کی ہدایت پر میرے سمیت وزیر اعلی پنجاب کی9 ایڈوائزرز نے کی یہ بات زراعت ہائوس لاہور میں وزیر زراعت پنجاب ملک نعمان احمد لنگڑیال نے کسان بورڈ پاکستان کے وفد سے ملاقات کے دوران کہی۔

کسان بورڈ پاکستان کے وفد میں چوہدری نثار احمد مرکزی صدر کسان بورڈ پاکستان، شوکت علی چدھڑ مرکزی سیکرٹری جنرل، میاں فاروق احمد مرکزی سینئرنائب صدر،میاں رشید احمد صدر کسان بورڈ لاہور ڈویژن،صفدر سلیم نول صدر سینٹرل پنجاب،حاجی محمد رمضان مرکزی سیکرٹری کسان بورڈ پاکستان سمیت دیگر ممبران نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

اس موقع پر ڈاکٹر انجم علی ڈائریکٹر جنرل زراعت (توسیع)،محمد رفیق اختر ڈائریکٹر نظامت زرعی اطلاعات پنجاب، شاہد قادر ایڈوائزر وزیر زراعت پنجاب سمیت دیگر افسران بھی موجود تھے۔

وزیر زراعت پنجاب نے اس موقع پر کسان بورڈ پاکستان کے مسائل سنے اور انہیں حل کرنے کی یقین دہانی کروائی۔وزیر زراعت پنجاب نے اس موقع پر کہا کہ کاشتکاروں کی فلاح کیلئے موجودہ حکومت نے قومی سطح پر300 ارب روپے کے منصوبہ جات شروع کئے ہیں جن سے گندم،دھان، گنے، تیلدار اجناس کی پیداوار میں اضافہ کیلئے کسانوں کو سبسڈی دی جا رہی ہے اور کاشتکاروں کے مسائل اور ان کے دکھ کے ازالہ کیلئے ہر ممکن اقدام کیا جا رہا ہے۔

کسان بورڈ پاکستان کے وفد نے وزیر زراعت پنجاب سے گنے اور گندم کا ریٹ بڑھانے، زرعی ٹیوب ویلوں کے بجلی کے بلوں پر عائد ایف پی اے اور کیو ٹی اے کے علاوہ زرعی مداخل پر عائد جی ایس ٹی ختم کروانے کے مطالبات کئے۔وزیر زراعت پنجاب ملک نعمان احمد لنگڑیال نے کسان بورڈ پاکستان کے وفد کے مطالبات حل کرنے کی یقین دہانی کروائی اور اس موقع پر ہدایت کی کہ کسان بورڈ پاکستان کے ممبران کو محکمہ زراعت کی ایڈوائرزی کمیٹی میں شامل کیا جائے تاکہ زراعت کو درپیش معاملات کو احسن طور پر حل کیا جائے۔وزیر زراعت سے ملاقات کے بعد کسان بورڈ پاکستان کے وفد نے احتجاج کا سلسلہ ختم کرتے ہوئے کسانوں کی فلاح کیلئے موجودہ حکومت کے کئے جانے والے اقدامات کو سراہا اور ہڑتال کو ختم کر دیا۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں