ملکی برآمد کے فروغ اور کاروباری ماحول کو بہتر بنانے کے لئے حکومت مقامی فرنیچر انڈسٹری کی ہر ممکن مدد کرے گی، چوہدری محمد سرور

پاکستان کی ہاتھ سے تیار فرنیچر کی مصنوعات اپنے اعلیٰ معیار کی بنا پر عالمی مارکیٹ میں جگہ بنانے کی بھر پور صلاحیت رکھتی ہیں، گورنر پنجاب کا پاکستان فرنیچر کونسل کے زیر اہتمام تین روزہ بین الاقوامی میگا نمائش ’’ انٹیریئرز پاکستان‘‘ کی افتتاحی تقریب سے خطاب

جمعہ 14 دسمبر 2018 15:50

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 14 دسمبر2018ء) گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے کہا ہے کہ ملکی برآمد کے فروغ اور کاروباری ماحول کو بہتر بنانے کے لئے حکومت مقامی فرنیچر انڈسٹری کی ہر ممکن مدد کرے گی اور یہ امر مسلمہ ہے کہ پاکستان کی ہاتھ سے تیار فرنیچر کی مصنوعات اپنے اعلیٰ معیار کی بنا پر عالمی مارکیٹ میں جگہ بنانے کی بھر پور صلاحیت رکھتی ہیں۔

انہوں نے ان خیالات کا اظہار جمعہ کو یہاں ایکسپو سنٹر میں پاکستان فرنیچر کونسل کے زیر اہتمام تین روزہ بین الاقوامی میگا نمائش ’’ انٹیریئرز پاکستان‘‘ کا افتتاح کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے بزنس کمیونٹی پر زور دیا کہ وہ پاکستان میں مقامی صنعت کو فروغ دینے کے لئے دلجمعی کے ساتھ کام کریں۔ پاکستان وسائل سے مالامال ہے اور ہمارے لوگ ہنرمند اور بہترین مہارت سے لیس ہیں جس سے ملک کو جدید خطوط پر ترقی دینے میں مدد مل سکتی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کی حکومت اس شعبے کے ساتھ مل کر مارکیٹ کے حالات کو بہتر بنانے، اس صنعت کی ضروریات کو پورا کرنے، اس کی ترقی اور فروغ کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے گی۔ متعلقہ حکام سے بھی کہیں گے کہ فرنیچر کے کاروبار کیلئے زیادہ آسانی سے قابل حصول گرانٹس کو ممکن اور تجارتی نمائشوں میں شرکت کیلئے طریق کار کو سہل بنایا جائے۔

انہوں نے کہا کہ اس بات کا تعین کرنے کے لئے کہ ہماری صنعتوں کو کس طرح بہتر بنایا جا سکتا ہے صنعت سے وابستہ افراد کے ساتھ مسلسل ربط ناگزیر ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے زرمبادلہ کے ذخائر کا بڑا حصہ غیر ضروری درآمدات کی نذر ہو جاتا ہے، اسے بچانے کیلئے مقامی صنعتوں کی حوصلہ افزائی، تحفظ اور سرپرستی ضروری ہے۔ انہوں نے مختلف اسٹالوں کا دورہ کیا اور اسٹال ڈیلرز کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ روایتی آرٹ اور جدت کا منفرد امتزاج ہے، مقامی طور پر تیار فرنیچر اور دیگر مصنوعات کے لئے بین الاقوامی مارکیٹوں میں زیادہ سے زیادہ رسائی حاصل کرنے کے لئے جدید خطوط پر مشترکہ کوششوں کی ضرورت ہے۔

گورنر نے کہا کہ ہنر مند کاریگر منفرد شاہکار تیار کر سکتے ہیں جبکہ فیکٹریوں میں انہیں بڑے پیمانے پر تیار کیا جا سکتا ہے جس سے اس سیکٹر میں روزگار کے مواقع میں اضافہ ہوسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ قابل ستائش ہے کہ پاکستان فرنیچر کونسل ملکی مہارت اور دستکاری کو فروغ دینے کے ساتھ ساتھ بین الاقوامی مارکیٹوں کے ساتھ روابط کو بھی فروغ دینے کے لئے سرگرم عمل ہے۔

چودھری محمد سرور نے کہا کہ حکومتی مالی تعاون کے بغیر لاہور، کراچی اور اسلام آباد میں 9 نمائشوں کے کامیاب انعقاد پر پی ایف سی کے چیف ایگزیکٹو میاں کاشف اشفاق مبارکباد کے مستحق ہیں۔ پی ایف سی کے چیف ایگزیکٹو میاں کاشف اشفاق نے حکومت کی طرف سے فرنیچر کے شعبے کو تعاون کی یقین دہانی پر گورنر پنجاب کا شکریہ ادا کرتے ہوئیکہا کہ ہاتھ سے تیار ورلڈ کلاس پاکستانی فرنیچر کی دنیا بھر کی مارکیٹوں میں بہت مانگ ہے اور اگر حکومت سٹیک ہولڈرز کی مشاورت سے پالیسیاں بنائے تو فرنیچر کے برآمد کنندگان کو بہت بڑے مواقع اور کامیابیاں حاصل ہو سکتی ہیں۔

فرنیچر کونسل مقامی دستکاری کے فروغ، بین الاقوامی مارکیٹوں کے ساتھ تجارتی روابط کے قیام اور قومی اور بین الاقوامی سطح پر انٹیریئر ڈیزائنرز اور فرنیچر مینوفیکچررز کی سہولت کے لئے سرگرم عمل ہے۔ میاں کاشف نے مزید کہا کہ پی ایف سی نئے ٹیلنٹ کیلئے بھی ایک بڑا پلیٹ فارم ہے جس کے ذریعے وہ اپنے آپ کو منوا سکتے ہیں۔ ان نمائشوں کے ذریعہ پاکستان فرنیچر کونسل نے فرنیچر سے متعلقہ تجارت کو مؤثر طریقے سے آگے بڑھانے اور عالمی مارکیٹوں تک رسائی دیتے ہوئے پاکستانی معیشت کو فروغ دینے کی بنیاد رکھ دی ہے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں