تاریخ میں پہلی بار ٹیوٹا نے مرکزی داخلہ مہم کا آغاز کر دیا

ڈی اے ای کے 46کا لجز کی 31ٹیکنالوجیز میں میٹرک پاس داخلہ لے سکیں گے ،علی سلمان صدیق

پیر 28 ستمبر 2020 20:26

لاہور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 ستمبر2020ء) چیئر مین ٹیوٹا علی سلمان صدیق نے ٹیوٹا کے 46کالجز میں 2020-21 سیشن کیلئے داخلہ کی مہم کا آن لائن افتتاح کر دیا ہے۔ ٹیوٹا کی تاریخ میں یہ پہلی بار ہو رہا ہے کہ ڈی اے ای کی31 ٹیکنالوجیز میں داخلہ کیلئے مرکزی طور پر مہم کا آغاز کیا گیا ہے ۔علی سلمان نے کہا کہ آن لائن کورسز شروع کرنے کے بعد مرکزی طور پر داخلہ کا آغاز کر کے ہم فنی تعلیم کے فروغ کے ذریعے قومی تعمیر کی شاہراہ پر چل نکلے ہیں ،ٹیوٹا پنجاب ملک کا فنی تعلیم اور ووکیشنل تربیت فراہم کرنے والا سب سے بڑا ادارہ ہے جس میں 46کالجز کی31ٹیکنالوجیز میں 20ہزار ہنر مندوں کو تیار کرنے کی گنجائش موجود ہے ۔

انہوں نے کہا کہ ہم اس سے پہلے آن لائن فنی تعلیم بھی متعارف کرا چکے ہیں اور ایسا تاریخ میں پہلی بار ہو رہا ہے ۔

(جاری ہے)

اس سے پہلے ٹیوٹا کے چیف آپریٹنگ افسر اختر عباس بھروانہ نے چیئر مین ٹیوٹا کے وژن کے مطابق مرکزی داخلہ مہم کی تیاری اور ڈی اے ای کے لئے انگریزی ذریعہ تعلیم بنانے کے حوالے سے ٹیوٹا سیکرٹریٹ اور فیلڈ فارمیشن کی طرف سے کی گئی کاوشوں کو سراہا ،انہوں نے کہا کہ ٹیوٹا ٹیکنالوجسٹس اور ایلو مینائی کا یہ دیرینہ مطالبہ تھا کہ ڈی اے ای کو لوکل مارکیٹ کی ضروریات اور بین الاقوامی منڈی میں قابل قبول بنانے کیلئے ذریعہ تعلیم انگریزی کو قرار دیا جائے جیسے ٹیوٹا کے چیئر مین علی سلمان صدیق نے تسلیم کیا اور اسے نافذ العمل قرار دینے کا نوٹیفکیشن جاری کیا ۔

تقریب کے آن لائن افتتاح کے موقع پر ٹیوٹا کے چیف آپریٹنگ افسر اختر عباس بھروانہ ،جنرل مینجر ز ،ڈپٹی جنرل مینجرز ،ذونل مینجرز ،ڈسٹرکٹ مینجرز اور ٹیکنالوجی کالجز کے سٹاف اور طلبہ اس تقریب میں آن لائن شامل ہوئے۔

متعلقہ عنوان :

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں