لاہور میں ٹریفک مسائل کے حل کیلئے پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی اور محکمہ ایکسائز کا مشترکہ فیصلہ

شہر میں نئی نمبر پلیٹس جاری کی جائیں گی؛ پرانی پلیٹس فی الحال قابل استعمال رہیں گی‘سیکرٹری ایکسائز پنجاب

جمعرات 19 جولائی 2018 21:19

لاہور میں ٹریفک مسائل کے حل کیلئے پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی اور محکمہ ایکسائز کا مشترکہ فیصلہ
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 جولائی2018ء) لاہور میں ٹریفک کے مسائل کے حل کیلئے پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی اور محکمہ ایکسائز پنجاب نے مشترکہ اجلاس میں اہم فیصلے کیے ہیں۔ پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی میں ہونے والے اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ شہر میںجلد الیکٹرانک چالان جاری کیے جائیں گے۔ اس طرح ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کی صورت میں چالان شہریوں کوان کے گھروں میں ارسال کیے جائیں گے۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ چند دنوں میں گاڑیوں اور موٹر سائیکلز کی نئی نمبر پلیٹس جاری کی جائیں گی جبکہ عوام کی سہولت کیلئے وقتی طور پر پرانی نمبر پلیٹس بھی قابل استعمال رہیں گی۔ سیف سٹیز اتھارٹی میں ہونے والے اعلیٰ سطحی اجلاس میں سیکرٹری ایکسائز وٹیکسیشن بابر شفیع ،ڈی جی ایکسائزمسعود الحق اوراتھارٹی کے چیف آپریٹنگ آفیسر اکبر ناصر خان شریک تھے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر چیف آپریٹنگ آفیسر نے اتھارٹی کے الیکٹرانک چالان کے نظام بارے بریفنگ دی دیتے ہوئے بتایا کہ سیف سٹیز اتھارٹی کی ٹیم ہر ماہ شہر میں ٹریفک قوانین کی لاکھوں خلاف ورزیاں ریکارڈ کر رہی ہے۔ساتھ ہی ساتھ سیف سٹیز اتھارٹی کے تحت شہر میں جعلی نمبر پلیٹ کی حامل اور مشکوک گاڑیوںکی چیکنگ کا عمل زوروشور سے جاری ہے اور گزشتہ ایک ہفتے میں 2ہزار سے زائد گاڑیوں اور موٹرسائکلز کا ریکارڈ چیک کیا گیا۔

انہوں نے اجلاس کو بتایا کہ شہر میں سب سے زیادہ ٹریفک سگنل اور سپیڈ لِمٹس قوانین کی خلاف ورزی کی جا رہی ہے۔ اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے سیکرٹری ایکسائزو ٹیکسیشن پنجاب بابر شفیع کا کہنا تھا کہ اگلے چند ہی روز میںلاہور میں گاڑیوں اور موٹر سائیکلز کی نئی نمبر پلیٹس جاری کی جائیں گی جبکہ عوام کی سہولت کیلئے وقتی طور پر پرانی نمبر پلیٹس بھی قابل استعمال رہیں۔ انہوں نے کہا کہ سیف سٹیز اتھارٹی کا الیکٹرانک ٹکٹنگ سینٹر اور ٹریفک ٹیم نہایت عمدہ کام کر رہی ہے۔ سیکرٹری ایکسائز پنجاب کا کہنا تھا کہ جدید نمبر پلیٹس کے اجراء سے جرائم میں کمی اور ٹریفک قوانین کی پاسداری ہو گی۔

متعلقہ عنوان :

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں