نگران وزیراعلیٰ ڈاکٹر حسن عسکری سے صوبائی وزیر انسانی حقوق واقلیتی امور فیصل مشتاق کی ملاقات

آئین پاکستان میںاقلیتوں کیلئے یکساں حقوق اور مکمل تحفظ کی ضمانت دی گئی ہے، ڈاکٹر حسن عسکری

بدھ 8 اگست 2018 23:14

نگران وزیراعلیٰ ڈاکٹر حسن عسکری سے صوبائی وزیر انسانی حقوق واقلیتی امور فیصل مشتاق کی ملاقات
لاہور۔8 اگست(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 اگست2018ء) نگران وزیراعلیٰ پنجاب ڈاکٹر حسن عسکری سے نگران صوبائی وزیر انسانی حقوق،اقلیتی امور اورسوشل ویلفیئر فیصل مشتاق نے ملاقات کی۔ نگران وزیراعلیٰ ڈاکٹر حسن عسکری نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بنیادی انسانی حقوق کی فراہمی مہذب معاشروں کی پہچان ہے اور انسانی حقوق کی پاسداری نہ کرنے والے معاشرے اپنا وجود کھو بیٹھتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کے آئین میں تمام شہریوں کو برابر کے حقوق حاصل ہیں اور شہریوں کے بنیادی انسانی حقوق کا تحفظ ریاست کی اولین ذمہ داری ہے ۔ نگران وزیراعلیٰ نے کہا کہ پیغمبر اسلام حضرت محمدؐ نے پوری انسانیت کیلئے انسانی حقوق کا ابدی اور لافا نی پیغام دیا ہے۔ دین اسلام انسانی حقوق کا علمبردار ہے اورمساوات و پرامن بقائے باہمی کی تلقین کرتا ہے ۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہا کہ پاکستان کے آئین میں تمام اقلیتی برادریوں کیلئے یکساں حقوق اور مکمل تحفظ کی ضمانت دی گئی ہے جبکہ دین اسلام اقلیتوں کے حقوق کی پاسداری پر بہت زور دیتا ہے۔ رواداری، باہمی احترام اور بلاامتیاز انسانی حقوق کا تحفظ اسلامی معاشرے کی پہچان ہے اور بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناحؒ نے بھی اقلیتوں کے یکساں حقوق پر زور دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اقلیتیں پاکستان کی تعمیر و ترقی میں اہم کردار ادا کر رہی ہیں جو قابل تحسین ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت اقلیتی برادریوں کے بنیادی حقوق کی حفاظت ، عزت و وقار اور جان و مال کے تحفظ کیلئے پرعزم ہے ۔ ملک کی تعمیر و ترقی میں اقلیتی برادری کی خدمات ، وطن سے محبت اور وابستگی شک وشبہ سے بالا ترہے۔ انہوں نے کہا کہ وطن عزیز کو آج جن مسائل کا سامنا ہے ، ان حالات میں بین المذاہب ہم آہنگی کی ضرورت پہلے سے بڑھ گئی ہے اورہم سب کو متحد ہو کر ملک کی ترقی ، استحکام اور بقا کیلئے کام کرنا ہوگا۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں