پنجاب میں100روزہ منصوبوں کیلئے ہر شعبے میں پائلٹ پراجیکٹ شروع ہونگے ،عبدالعلیم خان

بدھ 19 ستمبر 2018 21:01

پنجاب میں100روزہ منصوبوں کیلئے ہر شعبے میں پائلٹ پراجیکٹ شروع ہونگے ،عبدالعلیم خان
لاہور۔19 ستمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 ستمبر2018ء) سینئر صوبائی وزیر عبدالعلیم خان نے کہا ہے کہ پنجاب میں100روزہ منصوبوں کیلئے ہر شعبے میں پائلٹ پراجیکٹ شروع ہوں گے تاکہ عوام کو اس ویژن پر کام کر کے دکھایا جا سکے جو وزیر اعظم عمران خان وطن عزیز کے بارے میں رکھتے ہیں ،سینئر وزیر نے کہا کہ موجودہ حکومت مستقبل میں بہتر پاکستان کی تشکیل کیلئے شارٹ اور لانگ ٹرم پلاننگ کر رہی ہے اور ہم انشاء اللہ عملی اقدامات کر کے دکھائیں گے ۔

ان خیالات کا اظہار سینئر وزیر پنجاب عبدالعلیم خان نے بدھ کو90شاہرائے قائد اعظم میں ٹور ازم ،لیبر ، انڈسٹریز ، آبپاشی اور دیگر محکموں کے جائزہ اجلاسوں کی صدارت کرتے ہوئے کیا ،انہوں نے کہا کہ سرکاری اداروں میں استعداد کار اور کارکردگی میں اضافے کیلئے انقلابی اقدامات تجویز کیے جا رہے ہیں اور محکموں کی ورکنگ کو آن لائن اور کمپیوٹرائزڈ کیا جائے گا تاکہ عوام تک اُن کی رسائی اور مانیٹرنگ کو یقینی بنایا جا سکے ،سینئر وزیر نے کہا کہ پنجاب کے سالانہ ترقیاتی پروگرام کو زمینی حقائق کے مطابق تشکیل دیا جائے گا اور اس میں عوامی فلاح و بہبود کو اولین ترجیح دی جائے گی ۔

(جاری ہے)

سینئر وزیر پنجاب عبدالعلیم خان نے مختلف محکموں کی100روزہ پلان کے سلسلے میں اجلاسوں کی صدارت کرتے ہوئے ہدایت کی کہ ہر محکمہ لوگوں کی ضروریات اور سرکاری وسائل کے مطابق اپنی ترجیحات کا از سر نو تعین کرے ،انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت سے عوامی توقعات بہت زیادہ ہیں جنہیں پورا کرنے کیلئے دن رات کام کیا جائے گا ،سینئر وزیرنے پنجاب میں ٹور ازم کے نئے مواقع تلاش کرنے کیلئے محکمہ سیاحت کے افسران کو ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کرنے کی ہدایت کی ،انہوں نے ویمن ڈویلپمنٹ ڈیپارٹمنٹ کو یتیم بچیوں کیلئے تعلیمی و اقامتی ادارے بنانے اور گھروں میں کام کرنے والی خواتین کے حقوق کے تحفظ کیلئے عملی اقدامات اٹھانے کیلئے کہا ، عبدالعلیم خان نے محکمہ صنعت کو کاٹیج انڈسٹریز کے فروغ اور محکمہ لیبر کے افسران کو کرپشن فری کلچر قائم کرنے کی ضرورت پر زور دیا ،عبدالعلیم خان نے کہا کہ حکومت کی100دن کی کارکردگی کے بعد عوام کو واضح فرق محسوس ہونا چاہیے ،سینئر وزیر نے تمام محکموں کے افسران کو جلد از جلد ہوم ورک مکمل کرنے اور آئندہ ہفتے حتمی پلان کے ساتھ اجلاس منعقدکرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ وہ پنجاب کی100روزہ پلان کی روزانہ کی بنیاد پر خود نگرانی کریں گے ،صوبائی وزیر صنعت میاں اسلم اقبال ،صوبائی وزیر ویمن ڈویلپمنٹ آشفہ ریاض اور دیگر صوبائی وزراء بھی اجلاس میں موجود تھے۔

دریں اثناء سینئر وزیر پنجاب عبدالعلیم خان نے پی اینڈ ڈی آفس میں پنجاب کے سالانہ ترقیاتی پروگرام کے جائزہ اجلاس میں بھی شرکت کی جس میں صوبے میں شروع کیے جانے والے اہم منصوبوں پر غورو خوض کیا گیا ،وزیر خزانہ پنجاب ہاشم جواں بخت اور سینئر افسران نے اجلاس میں شرکت کی۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں