یوم عاشورپرامن وامان کی فضابرقراررکھنے کیلئے پولیس افسران واہلکار ہائی الرٹ ہوکرپیشہ ورانہ فرائض سرانجام دیں‘محمد طاہر

گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں کی پارکنگ کیلئے مساجد اور امام بارگاہوں سے 100فٹ کے فاصلے پرپارکنگ کا معقول انتظام کیاجائے ‘آئی جی پنجاب

بدھ 19 ستمبر 2018 23:23

یوم عاشورپرامن وامان کی فضابرقراررکھنے کیلئے پولیس افسران واہلکار ہائی الرٹ ہوکرپیشہ ورانہ فرائض سرانجام دیں‘محمد طاہر
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 ستمبر2018ء) انسپکٹرجنرل پنجاب پولیس محمدطاہرنے کہاہے کہ یوم عاشورپرصوبہ میں امن وامان کی فضابرقراررکھنے کیلئے پولیس افسران واہلکار جذبہ ایمانی کے ساتھ ہائی الرٹ ہوکرپیشہ ورانہ فرائض سرانجام دیںتاکہ نقص امن کی ہرکوشش سمیت شر پسند اور دہشت گرد عناصر کے مذموم مقاصد کو خاک میںملایاجاسکے ،نو محرم اور یوم عاشورکے مرکزی جلوسوںکے آغازسے قبل جلوسوں کے روٹس کی بم ڈسپوزل اسکواڈ، سپیشل برانچ کی ٹیموں اورسونگھنے والے کتوںکی مدد سے سکریننگ اور چیکنگ کے عمل کو ہرصورت یقینی بنایاجائے جبکہ گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں کی پارکنگ کیلئے مساجد اور امام بارگاہوں سے 100فٹ کے فاصلے پرپارکنگ کا معقول انتظام کیاجائے جہاںچاک و چوبند جانباز اہلکاراچھی طرح چیک کرنے کے بعد گاڑیوں کو پارکنگ میں لگوائیں،صوبہ بھرمیں محرم سیکیورٹی کیلئے تمام دستیاب وسائل کوبروئے کارلایاجائے اور جلوسوں اورمجالس کے اوقات کارکی پابندی کو ہرصورت یقینی بنایاجائے ،حساس اضلاع میں امام بارگاہوں، ماتمی جلوسوں اورمجالس کے مقامات کے گرد ونواح میں سرچ،سویپ،کومبنگ اورانٹیلی جنس بیسڈآپریشنزکے سلسلے میں مزیدتیزی لائی جائے اور لائوڈ اسپیکرایکٹ ،وال چاکنگ ،اسلحہ کی نمائش اورہوائی فائرنگ پر پابندی پر عمل درآمدکوسختی سے یقینی بنایاجائے ۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہارانہوںنے فیصل آباداور سرگودھاریجن میں محرم الحرام کے سیکیورٹی انتظامات کا جائزہ لینے کے بعد میڈیانمائندگان سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔آئی جی پنجاب محمد طاہرنے محرم الحرام کے سکیورٹی انتظامات کاجائزہ لینے کیلئے فیصل آباد اور سرگودھا کادورہ کیا جہاں انہوں نے آر پی او آفسز میں اعلی سطحی اجلاسوں کی صدارت کی جس میں آر پی او فیصل آباد غلام محمود ڈوگر، آر پی او سرگودھا سلطان احمد چوہدری ، سی پی اوفیصل آباد اشفاق احمدخان ،ڈی پی اوجھنگ شاکرحسین داوڑ ،ڈی پی او چنیوٹ عبادت نثار،ڈی پی او ٹوبہ ٹیک سنگھ ذوالفقار احمد ، ڈی پی او سرگودھامحمد حسن رضاخان ، ڈی پی او میانوالی سید کرار حسین ،ڈی پی او خوشاب حسنین حیدر اورڈی پی او بھکر خرم شکوربھی موجود تھے ۔

اس موقع پرریجنل پولیس آفیسرفیصل آباد غلام محمود ڈوگر اور آر پی او سرگودھا سلطان احمد چوہدری نے آئی جی پولیس پنجاب کو دونوں ریجنز میں محرم الحرام کے سلسلہ میں کیے گئے سیکیورٹی انتظامات پر بریفنگ دی جس پر آئی جی پنجاب نے افسران کو ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ محرم الحرام کے دوران تمام حساس جلوسوں اور مجالس کو طے شدہ ایس او پی کے مطابق ہر صورت 4لئیر سیکیورٹی فراہم کی جائے جبکہ عزاداروں کی سیکیورٹی کیلئے مرکزی جلوسوںکے راستے میںآنے والی عمارتوںاورامام بارگاہوں کی چھتوں پر سنائپرزکولازمی تعینات کیاجائے اور مجالس اور جلوسوںکے اندر سادہ لباس میں پولیس کمانڈوزبھی موجودہوںجو کسی عزادار کو میٹل ڈٹیکٹر،واک تھروگیٹ سے چیک ہوئے بغیر جلوس یامجلس میںہرگز داخل نہ ہونے دیں ۔

انہوں نے مزید کہا کہ اگر کسی پوائنٹ پر 4لئیر سیکیورٹی کی فراہمی میں کوتاہی یا غفلت کا مظاہرہ نظر آیا تومتعلقہ انچارج کے خلاف سخت محکمانہ کاروائی عمل میں لائی جائے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ معاشرے میںامن و امان کا قیام اور عوام کی جان و مال کا تحفظ پولیس فورس کی اولین ذمہ داری ہے جسے افسران واہلکاربھرپور محنت ، ایمانداری اور فرض شناسی کے ساتھ اداکریںاور معاشرے سے جرائم پیشہ عناصرکی فوری سرکوبی کیلئے عشرہ محرم کے بعد نئی موثر حکمت عملی کے تحت کریک ڈائون کاسلسلہ شروع کیاجائے ۔آئی جی پنجاب نے زیر تفتیش سنگین مقدمات کو جلد از جلد یکسو کر نے اور مقدمات میں ملوث مجرمان اشتہاریوں کوگرفتار کرنے کے بارے میں احکامات بھی جاری کیے ۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں