قوانین میں نرمی نہیں ہو گی ، کسی مخصوص کمپنی کی بجائے اوپن بڈنگ ہو گی‘عبدالعلیم خان

سرکاری محکمے صرف پیسہ خرچ نہیں کریں،کمانا بھی ہو گا،پرائیویٹ سیکٹر کو آگے لائیں گے ‘سینئر صوبائی وزیر

پیر 15 اکتوبر 2018 20:03

قوانین میں نرمی نہیں ہو گی ، کسی مخصوص کمپنی کی بجائے اوپن بڈنگ ہو گی‘عبدالعلیم خان
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 اکتوبر2018ء) سینئر وزیر پنجاب عبدالعلیم خان نے کہا ہے کہ ماضی کی طرح آئندہ قوانین و ضوابط میں نرمی نہیں ہو گی اور ہر شعبے کیلئے کسی مخصوص کمپنی کی بجائے اوپن بڈنگ کریں گے جس میں دوسرے ملکوں سے بھی اچھی شہرت کی حامل کمپنیوں کو موقع دیا جائے گا ،محکمہ بلدیات کے افسران کے خصوصی اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے سینئر وزیر عبدالعلیم خان کا کہنا تھا کہ 70برسوں سے ملکی نظام میں موجود سرخ فیتہ ختم کرنا ہوگا اورعوام کو اُن محکموں تک رسائی دینا ہوگی جو اُن کے ٹیکسوں کی آمدن سے چل رہے ہیں ،انہوں نے کہا کہ کمیونٹی کی شرکت کے بغیر کوئی حکومت کامیاب نہیں ہو سکتی اور ماضی کے سٹیزن کونسل کے نظام کو دوبارہ نئے سرے سے فعال بنانا ہوگا ،عبدالعلیم خان نے کہا کہ وہ اگلے ہفتے سے مختلف اضلاع کے دورے کریں گے اور موقع پر ہی ایکشن ہو گا ، ان کا کہنا تھا کہ پنجاب کے ہر ضلع میں صفائی ستھرائی کا بہتری میکنزم سامنے لائیں گے ،ماضی کی حکومت نے بھاری ادائیگیوں کے باوجود چند شہروں کے مخصوص علاقوں کی صفائی ستھرائی کا وہ کام کیا جسے وہ شو کیس کر سکیں جبکہ عام آدمی ابھی بھی زندگی کی اُن بنیادی سہولتوں سے محروم ہے جن کے بغیر جدید زندگی کا تصور ہی نہیں کیا جا سکتا ،سینئر وزیر نے صفائی کے شعبے میں ترقی یافتہ ملکوں سے عالمی معیار کی حامل کمپنیوں کو موقع دینے کا عندیہ دیتے ہوئے کہا کہ مقابلے کی فضاء میں زیادہ بہترکام ہو سکتا اور محکمہ بلدیات کے اکثر شعبوں میں پرائیویٹ سیکٹر کو آگے لائیں گے تاکہ کم سے کم وقت میں زیادہ سے زیادہ نتائج دیے جا سکیں ، عبدالعلیم خان نے مزید کہا کہ پنجاب میں جو کر سکتے ہیں ضرور کر کے دکھائیں گے اور انشاء اللہ ہم نہیں ہمارا کام بولے گا ، انہوں نے افسران سے بھی کہا کہ وہ کاغذی کاروائیوں میں وقت ضائع نہ کریں اور عملی کام کر کے دکھائیں تاکہ حکومت عوام سے کیے ہوئے وعدے پورے کر سکے ۔

(جاری ہے)

اجلاس میں سینئر وزیر پنجاب عبدالعلیم خان نے محکمہ بلدیات میں صفائی ستھرائی ،100روزہ پلان اور نئے بلدیاتی نظام کے حوالے سے اب تک ہونے والی پیش رفت پر گفتگو کی ،انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان پنجاب میں بہتری کام دیکھنا چاہتے ہیں اور اس مقصد کیلئے ہمیں ترجیحی بنیادوں پر محنت اور جاں فشانی دکھانا ہو گی ،انہوں نے کہا کہ وہ ٹارگٹ پورا کرنے اور بہتری کارکردگی دکھانے والے افسران کی مکمل حوصلہ افزائی کریں گے اور انہیں ہر ممکن سہولت بھی دی جائے گی ،اجلا س میں سینئر افسران نے مختلف اضلاع میں بلدیات کے محکمے کے حوالے سے پائے جانے والے مسائل کی نشاندہی کی اور کلین اینڈ گرین پاکستان پروگرام پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال ہوا ۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں