نیب کی شہباز شریف سے پیراگون ہاوسنگ سوسائٹی سے متعلق تفیتیش

نیب نے سابق وزیرِاعلیٰ سے پیراگون اور کاسا ڈویلپرز کے حوالے سے تفتیش کی

Syed Fakhir Abbas سید فاخر عباس پیر 15 اکتوبر 2018 22:17

نیب کی شہباز شریف سے پیراگون ہاوسنگ سوسائٹی سے متعلق تفیتیش
لاہور(اردوپوائنٹ تازہ ترین اخبار-15 اکتوبر 2018ء) :نیب ٹیم نے پیشی سے قبل شہباز شریف سے پیراگون سوسائٹی سے متعلق تفتیش کی جو اس بات کی علامت ہے کہ خواجہ سعد رفیق کے گرد گھیرا تنگ ہو چکا ہے ۔تفصیلات کے مطابق سابق وزیر اعلیٰ شہباز شریف اس وقت نیب کی حراست میں ہیں۔ان پر الزام ہے کہ شہباز شریف نے اختیارات کا ناجائز استعمال کرتے ہوئے قومی خزانے کو کروڑوں روپے کا نقصان پہنچایا، شہباز شریف نے لطیف برادر کا ٹھیکہ منسوخ کر کے کاسا ڈویلپر کو کنٹریکٹ دے کر مالی فائدہ پہنچایا۔

شہباز شریف سے ابتدائی تحقیقات کی گئی لیکن وہ مطمئن نہیں کر سکے جبکہ اس مقدمہ کے ملزم سابق پرنسپل سیکرٹری فواد حسن فواد کے بیان پر شہباز شریف کو گرفتار کیا۔اگلے ہی روز شہباز شریف کو احتساب عدالت میں پیش کیا گیا جہاں ان کے 15 روزہ جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی گئی تاہم شہباز شریف کے وکیل کی مخالفت کے بعد احتساب عدالت نے شہباز شریف کو 10 روزہ جسمانی ریمانڈ پر نیب کے حوالے کردیا۔

(جاری ہے)

تب سے شہباز شریف نیب کی حراست میں ہیں ۔آج نیب عدالت میں پیشی سے قبل نیب نے شہباز شریف سے پیراگون کے متعلق بھی تفتیش کی ۔نیب ٹیم نے شہباز شریف سے متعدد سوالات کیے لیکن انہوں نے اکثر سے لاعلمی کا اظہار کیا گیا۔ نیب نے سابق وزیرِاعلیٰ سے پوچھا کہ کیا آپ کو معلوم تھا کہ پیراگون کا تعلق خواجہ سعد رفیق سے ہے؟ کیا سعد رفیق نے آپ سے کبھی کاسا ڈویلپرز کے حق میں معاونت کی فرمائش کی؟ شہباز شریف نے کہا کہ خواجہ سعد رفیق سے کبھی آشیانہ اقبال سے متعلق غیر قانونی قدم اٹھانے کی بات نہیں ہوئی، نہ ہی پی ایل ڈی سی یا ایل ڈی اے کے کسی افسر سے رشوت لینے کا معلوم ہے بلکہ انہوں نے آشیانہ اقبال کیس میں بے قاعدگیوں کی تحقیقات کا حکم دیا تھا۔

نیب کی ٹیم شہباز شریف سے تحقیقات کی رپورٹ 16 اکتوبر کو احتساب عدالت میں پیش کرے گی۔اد رہے کہ خواجہ برادران کو 16اکتوبر کو پیراگون ہاؤسنگ کیس میں طلب کیا گیا۔دونوں بھائی 16اکتوبر کو نیب کے روبرو پیش ہوں گے۔خواجہ برادران کو منی ٹریل ساتھ لانے کا حکم دیا گیا ہے جب کہ دنوں بھائیوں نے تا حال مذکورہ ریکارڈ نیب میں جمع نہیں کروایا۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں