مجرم عمران علی کی وصیت منظر عام پر آ گئی

میں نے جو کیا غلط کیا، زندگی میں کبھی کوئی ایسا کام نہ کرنا جس سے شرمندگی ہو،مجرم عمران علی کا اپنے اہل خانہ کے نام آخری پیغام

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان بدھ 17 اکتوبر 2018 12:44

مجرم عمران علی کی وصیت منظر عام پر آ گئی
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 17 اکتوبر2018ء) مجرم عمران علی کی اپنے اہل خانہ کے نام آخری وصیت منظر عام پر آ گئی۔تفصیلات کے مطابق زینب سمیت 8بچیوں کا قاتل عمران علی آج اپنے انجام کو پہنچ گیا۔عمران علی کی وصیت بھی منظر عام پر آ گئی ہے جس میں اس نے لکھا کہ میں اللہ تعالیٰ سے اپنے کیے کی معافی مانگتا ہوں۔میرے کیے کی سزا مجھے مل گئی ہے۔میں نے جو کیا بہت غلط کیا۔

میں اپنے کیے پر بہت شرمندہ ہوں۔ زندگی میں کوئی بھی ایسا کام نہ کرنا جس سے شرمندگی ہو۔ عمران علی نے یہ بھی لکھا کہ میرے گھر والوں کو تنگ نہ کیا جائے ان کو ان کے ذاتی مکان میں رہنے دیا جائے۔عمران علی نے اپنی پھپھو کو درخواست کی کہ وہ ان کی والدہ کا خیال رکھیں۔مجرم کی پھانسی اور وصیت کی رپورٹ اے ٹی سی کو بھجوا دی گئی۔

(جاری ہے)

جب کہ دوسری طرف میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے زینب کے والد محمد امین کا کہنا تھا کہ عمران علی کی پھانسی نشانِ عبرت ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ عمران علی خود چل کر پھانسی گھاٹ تک آیا لیکن ا س کے چہرے پر بلکل خوف یا ندامت نہیں تھی اور وہ بلا خوف چلتا ہوا آ رہا تھا جو دیکھ کر میں مزید پریشان ہوا کہ یہ کیسا سفاک شخص ہے جسے موت سے بھی خوف نہیں آ رہا۔ عمران علی کی لاش آدھے گھنٹے تک لٹکتی رہی۔زینب کے والد کا کہنا تھا کہ آج مجھے انصاف مل گیا ہے اور ہم پارلیمنٹ ہر بھی زور ڈالیں گے کہ وہ اس متعلق بنائے گئے قانون کو پاس کرتے ہوئے اس پر سختی سے عمل کریں اور بچوں کے ساتھ یہ جرم کرنے والے کسی مجرم کو بچنا نہیں چاہئیے اور انہیں سر عام پھانسی دی جانی چاہئیے تاکہ اس طرح کے جرائم کا فوری طور پر خاتمہ ہو جائے۔

جب کہ زینب کی والدہ کا کہنا ہے کہ اب وہ مطمئن ہیں ۔آج زینب سمیت ان تمام بچوں کو انصاف مل گیا جن کے ساتھ یہ ظلم ہوا ہے۔21جنوری کو پولیس نے زینب کے قاتل کو گرفتار کیا،12فروری کو کو لاہور کی انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے فرد جرم عائد کی اور آج ملزم کو تختہ دار پر لٹکا دیا گیا۔زینب قتل کیس ملکی تاریخ کا تیز ترین ٹرائل قرار دیا جا رہا ہے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں